پاکستان رائٹرز کلب اور لیڈیز چیپٹر ریاض کے تحت ’’ماں‘‘ کے عالمی دن پر سمینار

261

پاکستان رائٹرز کلب اور لیڈیز چیپٹر ریاض کی جانب سے ماں کی عالمی دن کی مناسبت سے ایک آن لائن سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں مہمان خصوصی سابق سفیر پاکستان برائے سعودی عرب منظور الحق نے شرکت کی اور ماں کے رشتے سے متعلق اپنے احساسات و جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رائٹرز کلب اور لیڈیز چیپٹر نے ہمیشہ ہی منفرد اور اعلیٰ کارگردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس بار بھی انتہائی حساس اور اہم موضوع ’’ماں‘‘کو منتخب کیا ہے۔ یہ ایک ایسا موضوع ہے جہاں الفاظ ختم ہو جاتے ہیں نگر اس لفظ کی تاثیر ختم نہیں ہوتی۔
آن لائن سیمینار کی میزبانی کرتے ہوئے مدیحہ ملک نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کا آغاز کرنے کے لیے عبداللہ نے تلاوت کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کا نذرانہ سونیا کاشف نے پیش کیا۔انجم باری نے خصوصی طور پر پاکستان سے شرکت کی اور ایک استاد کی حیثیت سے ماں کی قربانیوں اور رتبے کو بیان کیا۔ فیض النجدی ، عبدالرؤف مغل، فیاض ملک، لیڈیز چیپٹر کی کنوینیئر ڈاکٹر فرح نادیہ ، صباح، عنبرین فیض، مدیحہ نعمان، شمائلہ ملک، شاہین جاوید، سونیا کاشف، قندیل ایمن، ملک ندیم شیر اور سمیرا بنت سلیمان نے ماں کی عظمت اور اہمیت کو نثر و اشعار کی صورت میں بیان کیا۔ عبدالرؤف مغل نے ماں کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’سیب 4 تھے اور ہم 5۔ ماں کی محبت تب سمجھ میں آئی جب ماں نے سیب سے نا پسندیدگی کا اظہار کیا۔ ماں کے بارے میں اپنے حالات و تجربات کو بیان کرتے ہوئے شرکا کی آنکھیں اشک بار تھی۔ اس موقع پر تمام شرکا نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام ماؤں کو اپنی اولاد کے سر پر سلامت رکھے اور جن کے سر سے یہ سایہ اٹھ چکا ہے، اللہ تعالیٰ اُن وفات پانے والی ماؤں کو غریق رحمت فرمائے۔