طیارہ حادثہ: فرانسیسی ٹیم کا جائے وقوع کا دورہ‘ ملبے‘ انجن‘ لینڈنگ گیئر اور فلائٹ کنٹرول سسٹم کا جائزہ

750
کراچی: فرانسیسی ماہرین طیارہ حادثے کی جگہ کا معائنہ کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر) معروف طیارہ ساز کمپنی ائر بس کے ماہرین پرمشتمل 11 رکنی فرانسیسی ٹیم نے طیارہ حادثے کی جگہ سے اہم تصاویر اور وڈیو کی شکل میں شواہد اکٹھے کیے ہیں۔فرانسیسی ماہرین نے ماڈل کالونی میں طیارہ حادثے کی جائے وقوع کا دورہ کیا۔ اس موقع پرانہوں نے سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے افسران کو بھی جائے حادثہ پر طلب کرکے مختلف سوالات کیے۔ انہیں سول ایوی ایشن کے فائر ڈپارٹمنٹ، پی آئی اے کے فلائٹ سیفٹی اور انجینئرنگ کے افسران نے تفصیلی بریفنگ دی۔ائر بس کی ٹیم نے حادثے کے شکار طیارے کے ملبے، انجن، لینڈنگ گیئر، ونگز اور فلائٹ کنٹرول سسٹم کا جائزہ لیا، ٹیم نے طیارہ ٹکرانے سے ٹوٹنے والے گھروں کا معائنہ بھی کیا اور طیارے کے ملبے اور متاثرہ عمارتوں کی تصاویر اور وڈیوز بنائی ۔ائر بس کے ماہرین کی ٹیم طیارے کا بلیک باکس ساتھ لے کر جائے گی، جس سے حادثے کی تحقیقات میں مزید اہم شواہد ملیں گے۔علاوہ ازیں ماڈل کالونی میں مکانات کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگانے کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی نے اپنی رپورٹ کمشنر کراچی کوپیش کردی ، کمشنر کراچی افتخار احمد شلوانی کے مطابق ان کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے سروے کام مکمل کرلیا ،کمیٹی نے ماڈل کالونی کے 19مکانات کا جائزہ لیا ،جن میں کوئی مکان بھی مکمل طور پر تباہی کا شکار نہیں ہوا اور 15 گھروں کے کچھ حصوں کو نقصان پہنچا ہے‘زیادہ تر کیسز میں گھروں کا بالائی حصہ متاثر ہوا جہاں ان کا تعمیراتی ڈھانچہ تباہ ہونے والے جہاز سے ٹکرایا تاہم خوش قسمتی سے مکانات کا اسٹرکچر سلامت ہے،کمشنر کراچی کے مطابق ماڈل کالونی کے اسی علاقے کی میں کچھ گاڑیاں بھی کھڑی تھیں جہاں جہاز تباہ ہوا اور ٹیم اپنی رپورٹ تیار کرتے ہوئے ان کی تفصیلات بھی حاصل کررہی ہے، متاثرہ گھروں اورگاڑی مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کے بارے میں بھی کہنا تھا کہ حتمی رپورٹ اس کا تعین کرے گی۔علاوہ ازیں ڈ پٹی کمشنر کورنگی شہریار گل میمن کا کہنا ہے کہ طیارے کے حادثے میں جناح گارڈن، ماڈل کالونی کا کوئی بھی مکین جاں بحق نہیں ہوا۔ ان کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق پی آئی اے کا طیارہ جناح گارڈن کے بلاک اے اور آرمیں گرا، جس سے 19 مکانات کو نقصان پہنچا۔ 2مکانات مکمل طور پر جل گئے ۔ محلے کی 3خواتین زخمی ہوئیں، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کورنگی نے بتایا کہ متاثرہ مکانات کے 16 مکینوں کو شارع فیصل پر واقع ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے ۔ ہوٹل انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ انہیں رہائش سے متعلق تمام سہولتیں فراہم کی جائیں۔