طیارہ حادثہ حکومت اور پی آئی اے کی نااہلی ہے، سوالات اٹھ رہے ہیں، حافظ نعیم

673
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو‘ حافظ نعیم الرحمن ودیگرکا اقلیتی ونگ کے ساتھ گروپ فوٹو‘ دوسری تصویر میں عید ملن کے موقع پر طیارہ حادثے کے شہدا کیلیے فاتحہ خوانی کی جارہی ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کی روایتی عید ملن یکم شوال کوادارہ نورحق میں منعقد ہوئی۔عید ملن ملک بھر میں کورونا وائرس کی وباکے پیش نظراحتیاطی تدابیر اختیار رکھتے ہوئے غیر رسمی رکھی گئی جس میں جماعت اسلامی کے ذمے داران اور دیگر طبقہ فکر کے افراد نے شرکت کی اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی ۔عید ملن میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو ،جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر محمد حسین محنتی ،امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن،نائب امیر کراچی راجا عارف سلطان،ڈپٹی سیکرٹریز کراچی راشد قریشی ،یونس بارائی، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، ڈپٹی سیکرٹریزاقبال چودھری، صہیب احمد، ایڈیٹر روزنامہ جسارت مظفر اعجاز،معروف صحافی واجد انصاری ودیگر رہنما، ذمے داران اور کارکنان شریک ہوئے اورایک دوسرے کو عید کی مبارکبا د دی ۔عید ملن صبح 11بجے سے ایک بجے تک جاری رہی۔اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے سانحہ طیارہ کے شہدا اور کورونا وائرس سے شہید ہونے والے تمام افراد کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی ۔حافظ نعیم الرحمن نے عید ملن کے موقع پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہل وطن اورپور ی امت مسلمہ کو عید مبارک، طیارہ حادثے نے عید کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا ہے،پوری قوم کو غمگین کردیا ہے ۔طیارہ حادثہ حکومت اور پی آئی اے انتظامیہ کی نااہلی ہے جس پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات ہونی چاہیے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ عید کے اس پرمسرت موقع پر بھی جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار کورونا وائرس سے بچاؤ اور عوامی ریلیف کا کام کررہے ہیں اوروہ لوگ جو لاک ڈاؤن او ر کورونا وائرس کی وبا سے متاثر ہوئے ہیں ان کے ساتھ عید منارہے ہیں ۔ عید ملن میں جماعت اسلامی اقلیتی ونگ کے رہنما یونس سوہن ایڈووکیٹ کی زیر قیادت اقلیتی نمائندوں کے وفد نے بھی شر کت کی اور حافظ نعیم الرحمن و دیگر سے ملاقات کی۔وفد میں نائب صدر منارٹی ونگ سیموئیل نذیر،جنرل سیکرٹری پرویز برکت،پادری نقاش عباس، ادریس بھٹی،پاسٹر ولسن ، پاسٹر افضل،پاسٹر محسن اقبال،پاسٹر جانسن،پاسٹر بابر، پرویز وکی،آصف زاہد،یشوع محمود،انتھونی ولسن،ارشد بوٹا و دیگر شامل تھے۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے عید کے دن سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان مرحوم ، جماعت اسلامی سندھ کے رہنما عظیم بلوچ مرحوم، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی برجیس احمد کی اہلیہ اور نائب قیم راشد قریشی کے والد کے انتقال پر ان کے گھر جاکر اہل خانہ ولواحقین سے ملاقات کی ۔