کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کا فوجی طاقت سے جواب دیں گے‘جنرل باجوہ

351

راولپنڈی(اے پی پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جارحیت کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیلی کرنے کی کوششوں کا قومی عزم اور فوجی طاقت سے جواب دیا جائے گا۔ آئی ایس پی ار کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق عیدالفطر کے موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کنٹرول لائن پر پونا سیکٹر کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے پونا سیکٹر میں جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی۔ بری فوج کے سربراہ نے پاک فوج کے فرنٹ لائن سولجر کی پیشہ وارانہ اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔ افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے جنرل باجوہ نے ملکی سلامتی اور خوشحالی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج خطرات سے بخوبی آگاہ ہے، بھارتی قابض فوج کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتی۔ ان کا کہنا تھاکہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے خلاف جوانوں کا حوصلہ قابل تعریف ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی اقدامات، لاک ڈائون کا مقصد انسانی حقوق کی خلاف ورزیو ں سے عالمی توجہ ہٹانا ہے، اسی وجہ سے بھارت کنٹرول لائن پر سول آبادی کو نشانہ بناتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی کوششوں کے سنگین نتائج نکلیں گے، امید ہے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو آزادانہ نقل و حمل کو اہمیت دی جائے گی، اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو آزاد کشمیر میں مکمل آزادی ہے، قومی توقعات کے مطابق اپنی تمام ذمے داریاں پوری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش میں ہونے کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس مشکل وقت میں قوم اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمت کے لیے دعاگو ہیں، خوشی کے تہواروں پر گھر سے دور ایک سپاہی کی فرض کی ادائیگی قابل فخر ہے، پاک فوج غیر متزلزل عزم کے ساتھ یہ فرض ادا کرتی رہے گی۔