چاند دیکھنے کیلیے اسلام آباد اورگوادر میں رصد گاہیں قائم کرینگے،فواد چودھری

234

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فوادچودھری نے کہاہے کہ آئندہ رمضان سے قبل اسلام آباد اورگوادرمیں چاند دیکھنے کیلیے رصدگاہیں قائم کی جائیں گی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ مذہبی تہواروں سے اتفاق اوریکجہتی کااظہارہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اگلے رمضان سے قبل اسلام آباد میں چانددیکھنے کیلیے رصدگاہ (آبزرویٹری) قایم کی جائیگی، ان رصد گاہوں میں عام شہری چاند دیکھ سکیں گے اوراس سے چاند دیکھنے کا مسئلہ مستقل طورپرحل ہوجائیگا۔انہوں نے کہاکہ رویت ہلال کمیٹی ، مفتی منیب الرحمن اورعلماءکرام کا کرداربھی اہمیت کا حامل ہے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت تباہی کے راستے پر گامزن ہے،کالا پانی تنازعے پر نیپالی حکومت کا بیان اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔فواد چودھری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ نیپال کے نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع نے بھارتی فوج کے سربراہ کے بیان کو اپنے ملک اورگورکھا برادری کی توہین قرار دیا تھا۔نیپال کا رد عمل اس بات کا ثبوت ہے بھارت خطے میں عدم استحکام پیدا کرکے تباہی کے راستے پر چل پڑا ہے۔ بھارتی آرمی چیف نے چین کا نام لیے بغیر نیپال پر یہ الزام عاید کیا تھا کہ بھارتی ریاست اترکھنڈ کے سرحدی علاقے میں بھارت کی طرف سے تعمیر کی جانے والی سڑک پر اعتراض وہ کسی اور کے کہنے پرکر رہا ہے۔