پہلی بار میکے عید کرنے کے لیے آنے والی نوبیاہتا دلہن بھی شہید ہو گئی

538

لاہور (نمائندہ جسارت ) کراچی طیارہ حادثے میں 97 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پی آئی اے کے طیارے کو کراچی میں پیش آنے والے حادثے میں صرف3افراد محفوظ رہے۔ حادثے میں شہید ہونے والے ہر مسافر کی ایک الگ کہانی ہے۔ان مسافروں میں ایک نو بیاہتا د لہن بھی شامل تھی جو عید منانے کے لیے میکے آ رہی تھی۔بتایا گیا ہے کہ کراچی میں طیارہ حادثے میں شہید ہونے والی نوبیاہتاخاتون فریال عید منانے کے لیے میکے آ رہی تھی۔فریال کے والد نے بتایا کہ ان کی بیٹی کی تین ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔لاک ڈاو¿ن کے بعد وہ کراچی نہیں آ سکتی تھی۔تاہم جیسے ہی ائر سروس بحال ہوئی تو ان کے شوہر نے ٹکٹ کروا کر اسے کراچی بھیجنے کے لیے روانہ کر دیا تھا تاکہ وہ والدین کے ساتھ عید منا سکے۔اس طیارے میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی ماڈل زارا عابد بھی موجود تھی۔زارا عابد کے ساتھ ایک اور معروف پاکستانی ماڈل بھی حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں موجود تھیں۔اسرا چودھری نے اپنی آخری پوسٹ میں اللہ سے جمعہ کو رحمت بنانے کی دعا کی تھی۔ ٹاپ اسٹار ماڈل زارا عابد کو کچھ ماہ قبل ہی لکس ایوارڈ ملا تھا جبکہ اسرا چودھری نے چھ گھنٹے قبل انسٹاگرام پر آخری پوسٹ کی تھی۔اسی طرح اس حادثے میں ائرہوسٹس انعم بھی شہید ہو گئیں۔ ائر ہوسٹس انعم خان کے گھر میں سوگ کا سماں ہے۔ انعم خان کے اہل خانہ اپنی جواں سالہ بیٹی کی ناگہانی موت کا یقین نہیں کر پا رہے، ان کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی بھی انعم کے فون کا انتظار ہے۔ نجی ٹی وی کے رپورٹر سے گفتگو کرتے ہوئے انعم خان کے والد کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی نے صبح اٹھ کر سحری کی اور اس کا موڈ بے حد خوشگوار تھا۔ سحری کرنے کے بعد دوبارہ سوگئی اور پھر میں نے اسے 9 بجے کے قریب اٹھایا، تو وہ بہت اچھے موڈ میں اٹھی، اٹھتے ہی بولی کہ پاپا وقت ہو گیا ہے میرا، میں ذرا پتا کر لوں کہ میری گاڑی آ رہی ہے کہ نہیں۔انعم کے والد نے بتایا کہ اس کے بعد انعم کہتی ہے کہ پاپا میری گاڑی آ رہی ہے میں بس تیار ہونے لگی ہوں۔ والد نے پوچھا کہ بیٹا تم نے روزہ کیوں رکھا ہے جس پر انعم خان نے جواب دیا کہ پاپا میں شام کو پونے چھ بجے تک واپس آ جاو¿ں گی اور سوا چھ بجے تک گھر پہنچ جاو¿ں گی، ان شاءاللہ افطاری ساتھ ہی کریں گے۔