مقبوضہ کشمیر میں عید کے اجتماعات پر بھی پابندی۔شہدا کی قربانیاں سرمایہ ہیں،اشرف صحرائی

415

اسلام آباد (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوج نے کشمیریوں کے عید کے اجتماعات پر پابندی لگادی‘ کرفیوں سخت کردیا گیا‘ کشمیری کل گھروں میں محصور رہیں گے‘ حریت رہنما اشرف صحرائی کی کشمیریوں سے عید کے نماز گھروں میں ادا کرنے اور بھارت سے جلد نجات کیلیے دعاو¿ں کی اپیل‘تفصیلات کے مطابق بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں عید الفطر کے اجتماعات پر پابندی عاید کردی ہے‘ لوگوں کو گھروں تک محدود رکھنے کےلیے لاک ڈاو¿ن سخت کرنیکا حکم دیا گیا ہے دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموںوکشمیرکے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے تحریک حریتجموںوکشمیرآزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں نے آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں جو ایک قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اس وقت غلامی کی جن زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں یہ مختلف مواقع پر کیے گئے غلط فیصلوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اب خدا پر بھروسا ، خود اعتمادی، صحیح اور بروقت فیصلے ہی کشمیریوں کو منزل سے ہمکنار کرسکتے ہیں۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ میرے گھرانے سمیت پوری قوم کی بیش بہا قربانیاں صبح آزادی پر منتج ہونے کے بعد ہی کشمیریوںکوچین آئے گا اور وہ سکون کی نیندسو سکیں گے ۔محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ کشمیری محدود ذرائع کے ساتھ ایک بڑے دشمن کے خلاف برسرپیکار ہیں ، اسکے وار سہہ رہے ہیں اورساتھ ساتھ بھر پور مزاحمت بھی کر رہے ہیں۔تحریک حریت کے چیئرمین نے آزاد کشمیر اور پاکستان سے انکے بیٹے جنید صحرائی کی شہادت پر انکے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ غلام محمد صفی نے اس موقع پر کہا کہ جنید نے جس قابل رشک استقامت، پامردی اور بہادری کا مظاہرہ کیا وہ شہید کے والدین کی تربیت کا ہی نتیجہ ہے۔علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ وہ کشمیریوںکو غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی عطا فرمائے تاکہ انہیں عید کی حقیقی خوشیاں نصیب ہوں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجما ن نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی محاصرے کے باعث اگر چہ عید گاہوں میں نماز عید کی ادائیگی ممکن نہیں تاہم اس روز ہمیں اپنے گھروں پر خصوصی عبادات کا اہتمام کر کے اپنے لیے خیر وبھلائی ، جموںوکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی اور اسلام کی سربلندی کیلیے دعا مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے روز ہمیں اپنے اس عزم کا اعادہ کرناچاہیے کہ ہم تنازع کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ترجمان نے صاحب ثروت کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ بھارتی جبر واستبداد کے متاثرین اور یتیموں اور محتاجوں کو بھر پور مدد کریں۔ انہوںنے پاکستانی مسافرطیارے کو کراچی ائر پورٹ کے نزدیک پیش آنے والے دلدوز حادثے اور قیمتی انسانوں جانوںکے زیاں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ترجمان نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلیے اللہ تعالیٰ سے مغفرت و بخشش کی دعا کی۔