کورونا سے مزید 36 جاں بحق ،متاثرین کی تعداد 53 ہزار سے متجاوز

317

اسلام آباد/کراچی (نمائندگان جسارت) ملک میں کورونا سے مزید 36 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1123 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 53601 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک سندھ میں 354 اور پنجاب میں 324 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں39، اسلام آباد 12، گلگت بلتستان میں4 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوچکا ہے۔ ملک میں مجموعی طور پر 16653مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ ہفتے کو ملک بھر سے کورونا کے مزید1475 کیسز رپورٹ اور36 ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 762 کیسز سامنے آئے اور 14 ہلاکتیں، پنجاب میں275 کیسز سامنے آئے اور 14 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 294 کیسز اور 8 ہلاکتیں ہوئیں‘ اسلام آباد سے131 کیسز اور آزاد کشمیر سے 13 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ24 گھنٹے کے دورن 762 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور مزید 14 مریض انتقال کرگئے جبکہ 155 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتے کو وزیراعلیٰ ہاﺅس سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ابتک 153902 ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور 21645 کورونا کیسز ظاہر ہوئے‘ وائرس سے متاثرہ مزید 14 مریض انتقال کرگئے اور انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد354 ہوگئی ہے‘ اس وقت کورونا وائرس کے14078 مریض زیر علاج ہیں‘ 155 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جس میں34 وینٹی لیٹرز پر ہیں‘ مزید 198 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے، اس طرح صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 7213 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبے کے762 نئے کیسز میں سے618 شہر کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گھروں میں رہیں ‘ یہ آپ کے اپنے مفاد میں ہے‘ احتیاطی تدابیر اپنانا ہی اس وبا سے نجات پانے کا راستہ ہے۔ پنجاب سے ہفتے کو کورونا کے مزید 275 کیسز اور 14 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 18730 اور ہلاکتیں 324 ہوگئی ہیں‘اب تک کورونا سے 5906 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت سے کورونا وائرس کے مزید 131 کیسز سامنے آئے ہیں۔ پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 1457 جب کہ اموات 12 ہوچکی ہیں‘ 152 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ آزاد کشمیر سے کورونا کے مزید13 کیسز سامنے آئے ہیں۔ پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد171 ہوگئی ہے ‘ اب تک وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے‘اب تک 94 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ بلوچستان سے جمعے کو کورونا کے مزید 124 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3198 ہوگئی ہے جب کہ39 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں‘متاثرہ 762 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں ہفتے کو کورونا وائرس سے مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 389 ہوگئی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے مزید 294 کیسز بھی سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد 7685 ہوچکی ہے۔2396 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ گلگت بلتستان میں مزید5 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 607 ہو گئی ہے‘ وائرس سے اب تک 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں‘427 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور 176 زیر علاج ہیں۔