شوال کا چاند نظر آگیا :دنیا بھر میں مسلمان آج عیدالفطر ایک ساتھ منارہے ہیں

899

کراچی/اسلام آباد (نمائندگان جسارت+خبر ایجنسیاں)پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا ، آج ملک بھر میں عید الفطر منائی جائے گی، خلیجی ممالک میں بھی آج عید الفطر منائی جارہی ہے ، ایک عرصے کے بعد دنیا بھر کے مسلمان ایک ساتھ عیدالفطر منائیں گے البتہ بنگلا دیش اور بھارت میں چاند کی شہادتیں موصول نہ ہونے کی وجہ سے کل بروز پیر 25مئی کو عید الفطر منائی جائے گی۔ پاکستان میںشوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں ہوا جس کے بعد پریس کانفرنس میں مفتی منیب الرحمن نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔اجلاس میں محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی شریک تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر صوبوں میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے ہیں جہاں سے شہادتیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھیجی گئیں۔مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ پسنی سے چاند دیکھے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں،بیشتر مقامات پر مطلع صاف تھا،کافی شہادتیں موصول ہوئیں، شہادتوں کی تصدیق میں کافی وقت لگا اور تمام پہلوو¿ں پر غور کیا گیا۔مفتی منیب نے کہا کہ کورونا کی موجودہ صورتحالمیں قوم کو خصوصی دعائیں کرنی چاہئیں، پوری دنیا کو تاریخ کی بڑی وبا نے گھیرا ہے اللہ پورے عالم کو اس وبا سے نجات عطا فرمائے، ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دیں لیکن احتیاط کریں، بہتر ہے کہ ایک دوسرے کو عید کی زبانی مبارکباد دیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ مفتی منیب الرحمن نے جو اعلان کیا ہے وہ خوش آئند ہے ، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ عید کب ہوگی چاند کب نکلے گا یہ کوئی اتنا بڑا مسئلہ اب نہیں رہا، پاکستان کو اگر آگے لے کر جانا ہے تو بنیاد علم اور دلیل پر رکھنا ہوگی ، مفتی منیب الرحمن نے آج جو اعلان کیا ہے وہ خوش آئند ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ دلیل میں بالکل نہیں مانوں گا کہ چاند دیکھنے کا تعلق مذہب سے ہے ، یہ دلیل نہیں مانوں گا کہ عینک سے چاند نظر آئے تو ٹھیک اور جدید ٹیکنالوجی سے نظر آئے تو نہیں، مفتی منیب الرحمن ہمارے بزرگ ہیں ان کا احترام کرتے رہیں گے ، چاند دیکھنا مذہبی معاملہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج ایک عید ہونے کا کریڈٹ بھی وزیراعظم عمران خان کو جاتا ہے۔اس سے قبل ہفتے کو وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے دعویٰ کیا تھا کہ آج چاند دوربین سے واضح طور پر دیکھا جاسکے گا۔دوسری جانب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات،مصر، کویت، اردن، بحرین، قطر، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں گزشتہ روز شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا اور ان ممالک میں بھی عید الفطرآج منائی جارہی ہے البتہ بھارت اور بنگلادیش میں چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے کل بروز پیر 25 مئی کو عیدالفطر کا اعلان کیاگیاہے۔علاوہ ازیں صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے عید الفطر کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو اس نازک صورتحال کا مقابلہ متحد ہو کر اور احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھ کے کرنا ہے،عید الفطر کے بابرکت موقع پر ہمیں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ارد گرد کے ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنا ہے اور دعا ہے اللہ تمام دنیاکو اس آزمائش سے نکال لے،عیدالفطر کی خوشیوں میں ضرورتمند اور پسماندہ طبقات کو ہرگز نظر انداز نہ ہونے دیں اور حتی الوسع ان کے ساتھ تعاون، ہمدردی اور خیر خواہی کا معاملہ کریں۔ دریں اثنا گورنر سندھ عمران اسماعیل اوروزیراعلیٰ سند ھ سید مراد علی شاہ نے اہل وطن کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عالمی وبائی مرض اور طیارہ حادثے کے پیش نظرسندھ بھر میں عیدالفطر سادگی سے منانی چاہیے۔ وبائی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عیدالفطر کی نماز ایس او پیز کے تحت ادا کریں۔ کورونا وائرس سے اپنے آپ اور اپنے پیاروں کو بچانے کے لیے سماجی دوری اختیار کی جائے اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، نائب امیر لیاقت بلوچ و دیگر رہنماﺅں نے اہل وطن کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس موقع پر اہل کشمیر و فلسطین اور وطن عزیز میں کورونا سے متاثرہ افراد کو یاد رکھا جائے اورعیدالفطر کی خوشیوں میں ضرورت مند اور پسماندہ طبقات کو ہرگز نظر انداز نہ ہونے دیں اور حتی الوسع ان کے ساتھ تعاون، ہمدردی اور خیر خواہی کا معاملہ کریں۔