پنجاب حکومت کے پولٹری ایسوسی ایشن سے مذاکرات کامیاب، ہڑتال ختم

207

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں ا سلم اقبال سے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین چودھری محمد فرغام کی قیادت میں وفد کی ملاقات، پنجاب حکومت اور پولٹری ایسوسی ایشن کے مابین مذاکرات طے پاگئے، ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ وفد نے وزیر صنعت پنجاب کو پولٹری انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، ملاقات میں طے پایا کہ عید کے 3 روز تک مرغی کا گوشت 260 روپے کلوگرام کے حساب سے فروخت ہوگا، عید کے بعد پولٹری ایسوسی ایشن کے ساتھ دوبارہ میٹنگ ہوگی اور پولٹری انڈسٹری کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا جائے گا اور قیمتوں کا بھی تعین کیا جائے گا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ دکانداروں کو خبردار کرتا ہوں کہ اگر کسی نے زائد قیمت پر گوشت فروخت کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری انڈسٹری کو بند نہیں ہونے دیں گے، پولٹری انڈسٹری کے مسائل کے حل کیلیے پنجاب حکومت وفاقی حکومت کو اپنی سفارشات بھی بھجوائے گی۔ بعد ازاں میاں اسلم اقبال نے ٹاؤن شپ ماڈل بازار اور دیگر مارکیٹوں کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ اشیائے خور و نوش کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے اور صارفین گراں فروشی کے بارے میں فوری اطلاع کریں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ایک گھنٹے کے اندر موقع پر پہنچے گا۔ صارفین کسی منافع خور سے سامان نہ خریدیں۔