امریکا خلا میں بھی روس اور چین سے خوفزدہ

306

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی نوتشکیل شدہ خلائی فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ خلا میں موجود امریکی تنصیبات اور مفادات کو روس کی جانب سے بڑھتے ہوئے سنگین خطرات کا سامنا ہے۔ جنرل جان ریمنڈ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ امریکا نے خلائی فورس اس لیے قائم کی ہے کہ خلا میں ہماری کامیابیوں کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں اور ان کی اہمیت گھٹ گئی ہے، اس لیے ضرورت اس بات کی تھی کہ ہم اپنی خلائی صلاحیتوں میں تیزی لائیں، خطرات کے مقابلے کی اپنی مہارتیں بہتر بنائیں اور اس سلسلے کے اخراجات میں کفایت کریں۔ ہر آنے والے دن کے ساتھ دنیا کے لیے خلا کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ چاہے وہ راستوں اور جگہوں کی نشاندہی ہو یا بینکاری یا انجینئرنگ، سائنس یا کوئی اور شعبہ ہو، یا اس کا تعلق کسی فوجی مشن کے میزائل اور انٹیلی جنس اکٹھی کرنے سے ہو۔ جنرل ریمنڈ نے بتایا کہ امریکا خلا میں روس اور چین کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں پر نظر رکھے ہوئے ہے، کیوں کہ ان کی جانب سے ہر پیش رفت ہمارے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس اور چین نے حالیہ عرصے میں خلا پر اپنی توجہ میں اضافہ کر دیا ہے۔ وہ نئی ٹیکنالوجی اور ہتھیار تیار کر رہے ہیں، جو ہمارے سیٹلائٹس کے نظاموں میں خلل ڈال سکتے ہیں یا انہیں تباہ کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خلا میں فوج کے بڑھتے ہوئے عمل دخل سے اب خلا بھی ایک جنگی علاقہ بن چکا ہے، جس کے لیے ہمیں تیار رہنے کی ضرورت ہے۔