دورہ انگلینڈ کے لیے ذہنی طورپر تیار ہوں ،نسیم شاہ

277

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا ہے کہ کرکٹ کے دوران فیلڈ پر سماجی فاصلہ اپنانا مشکل تو ہے لیکن موجودہ حالات میں اس کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں لہٰذا کورونا سے بچنا ہے تو سماجی فاصلہ اپنانا ہوگا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی گائیڈ لائنز میں کھلاڑیوں کو فیلڈ پر سماجی فاصلے سمیت متعدد تجاویز پر عمل کرنے کو کہا گیا ہے۔ کھلاڑی عام طور پر وکٹ لینے کے بعد یا فیلڈ پر کسی بھی طرح کی کامیابی کے بعد ایک دوسرے سے گلے مل کر جشن مناتے ہیں تاہم اب ایسا کرنا ممکن نہیں ہوگا۔پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کہتے ہیں کہ یوں فیلڈ پر دوری رکھنا مشکل ہوگا لیکن ا س کے علاوہ کوئی چارہ بھی نہیں، بیماری سے بچنا ضروری ہے اور اس کیلئے گائیڈ لائنز پر عمل کرنا اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کھلاڑیوں کی کوشش یہی ہوگی کہ فیلڈ پر احتیاط کریں، جب حالات بہتر ہوجائیں گے تو سب پہلے جیسا نارمل ہوجائے گا۔پاکستان کی جانب سے چار ٹیسٹ کھیلنے والے 17 سالہ فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ گیند کو چمکانے کیلئے بھی کھلاڑیوں کی اپنی عادتیں ہیں لیکن اب اس پر کنٹرول کرنا بھی ضروری ہوگا۔واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں گیند کو چمکانے کیلئے کھلاڑیوں کے تھوک استمال کرنے پر پابندی کا نکتہ پیش کیا ہے تاکہ کرکٹ کی بحالی کے بعد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔نسیم شاہ نے مزید کہا کہ وہ دورہ انگلینڈ کیلئے ذہنی طور پر تیار ہیں، یہ ان کا پہلا انگلینڈ ٹور ہوگا اوران کی کوشش ہوگی کہ اس دورے میں بہتر سے بہتر پرفارم کریں اور زیادہ سے زیادہ سیکھیں تاکہ ان کے کھیل میں مزید نکھار آسکے۔ایک سوال پر نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ انہیں سینٹرل کنٹریکٹ ملنے پر خوشی ہے، ان کا ہدف یہی ہے کہ انہیں جس فارمیٹ میں اور جہاں بھی موقع ملے، وہ اپنا بہتر سے بہتر کھیل پیش کرکے ٹیم کی جیت میں کردار ادا کریں۔