گرمی میں اضافے سے کورونا کا پھیلاؤ کم ہوجائے گا، محکمہ موسمیات

600

200524-08-
اسلام آباد (اے پی پی) محکمہ موسمیات پاکستان نے کہا ہے کہ ہمارے مطالعے کے مطابق درجہ حرارت اور نمی میں اضافے کی وجہ سے کورونا کی منتقلی کا عمل سست ہوجائے گا۔ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اعلی سطحی اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت ہوا، محکمہ موسمیات کے حکام نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وبائی بیماری پھیلنے کی طرز کے گہرے مطالعے سے یہ پتا چلتا ہے کہ کورونا وائرس زیادہ تر سرد علاقوں میں پھیلا ہے، گرم پٹی کے علاقوں میں کورونا کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ بنیادی طور پر 30 ڈگری درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری اضافے اور ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے سے وائرس کی منتقلی کم ہوجائے گی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ اس وقت کورونا کی 90 فیصد مقامی جبکہ 10 فیصد غیر ملکی منتقلی ہو رہی ہے۔ صوبائی چیف سیکرٹریوں نے مسافروں کی آمد پر فوری ٹیسٹ کو ختم کرنے اور ہوائی اڈوں پر آنے والے مسافروں کی کڑی اور مناسب جانچ پڑتال پر اتفاق کیا۔ اسد عمر اور صوبائی چیف سیکرٹریوں سمیت فورم نے سینئر بیوروکریٹ خالد شیردل کے انتقال پر تعزیت کی جو گزشتہ روز ہوائی جہاز کے حادثے میں انتقال کرگئے تھے۔