اپوزیشن کو حکومت پر تنقید کے سوا کوئی کام نہیں، چودھری سرور

606

200524-08-
لاہور (نمائندہ جسارت) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو حکومت پر تنقید کے سوا کوئی کام نہیں، وزیراعظم عمران خان نے وعدے کے مطابق چینی اسکینڈل کی شفاف تحقیقات اور مکمل رپورٹ پبلک کردی ہے، حکومت کو کسی قسم کا کوئی خطر ہ نہیں، عام انتخابات 2023ء میں ہی ہونگے، ن لیگ نے 22 ارب روپے اور ہماری حکومت نے صرف 3 ارب کی سبسڈی دی ہے اور ہم نے اس سارے معاملے کی شفاف تحقیقات بھی کروا دی ہے۔ وہ ہفتے کے روز لاہور کے علاقے روای روڈ پر تحریک انصاف کے رہنما نعیم حیدر بٹ کے دفتر میں شاہدرہ کے غر یب خاندانوں میں اور والٹن روڈ پر گلوکار علی ظفر کی جانب سے غریب خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر ریڈ کریسنٹ کے چیئرمین گلوکارابرارالحق و دیگر بھی موجود تھے۔ چودھری سرور نے پی آئی اے طیارہ حادثے میں شہید ہونے والوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور شہداء کے درجات کی بلندی اور متاثرین کے صبر جمیل کیلیے بھی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن کے پاس حکومت کے ہر کام پر تنقید کے سوا کوئی اور کام نہیں اس لیے حکومت جتنا مر ضی اچھا کام کرلے یہ تنقید ہی کریں گے جبکہ شوگر اسیکنڈل سامنے آیا تواس وقت اپوزیشن نے کہا کہ اس کی کوئی تحقیقات نہیں ہوگی جب تحقیقات ہوگئی تو اپوزیشن نے یہ کہنا شروع کر دیا کہ اس کی فرانزک رپورٹ نہیں آئے گی مگر وزیراعظم عمران خان نے اپنا وعدہ پورا کردیا اور اب بھی اگر اپوزیشن تنقید کر رہی ہے تو یہ کسی بھی صورت درست نہیں ہے۔