سندھ، نمازِ جمعہ اور جمعتہ الوداع کے اجتماعات ہوں گے

732

کراچی سمیت سندھ بھرمیں آج نمازِ جمعہ کے اجتماعات ہوں گے،صوبائی محکمہ داخلہ نے ہدايات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ايس او پيز کے تحت جمعتہ الوداع اور نماز عيد کے اجتماعات بڑی مساجد اور کھلے مقامات پرکرنے کی اجازت ہوگی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے جمعۃ الوداع اور نماز عید کے اجتماعات کیلئے ایس او پیز پر مشتمل ہدايت نامہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر کو ارسال کرديا، جس کے ساتھ وفاقی وزارت داخلہ کا اجازت نامہ بھی منسلک ہے۔سندھ حکومت نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو جمعۃ الوداع اور نماز عید کے اجتماعات کیلئے 20 نکاتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی ہے جبکہ آج بروز جمعہ کاروبار بھی کھلا رہے گا۔

واضح رہے کہ حکومتی احکامات کی روشنی میں جمعۃ الوداع اور نماز عید کے اجتماعات صرف کھلے مقامات پر منعقد کیےجاسکیں گے جبکہ  کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اجتماعات کے مقامات پر اضافی سیکیورٹی کا انتظام کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

وفاقی وزارت داخلہ نے صوبائی حکومتوں کو ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے علمائے کرام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وفاقی حکومت کے بعد سندھ حکومت نے بھی جمعۃ الوداع، نماز عید اور دیگر اجتماعات کے کھلے مقامات پر انعقاد کی اجازت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ چھوٹی مساجد میں اجتماعات سے گریز کیا جائے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و مذہبی امور ناصر حسین شاہ کا گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ اجتماعات اور عبادات میں معیاری ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ نماز عید کھلے گراؤنڈز، پارکس وغيرہ ميں ادا کی جائے گی، بڑی مساجد ميں بھی نماز کی ادائيگی ہوسکے گی، زيادہ نمازی ہونے پر 2 مرتبہ بھی جماعت کروائی جاسکتی ہے۔