طیارہ حادثہ،پچاس لاشیں‌ اور 7 زخمی منتقل کیے

900

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایدھی فاؤنڈیشن کےسربراہ فیصل ایدھی نے کہا ہے کہ اب تک 50 افراد کی لاشیں اور 7 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے،زخمیوں میں ایک مسافر باقی علاقہ مکین ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے کہا کہ اب تک ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینسز کے ذریعے پچاس افراد کی میتیں کراچی کے دو اسپتالوں میں منتقل کی گئی ہیں جن میں مسافر اور مقامی شہری شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جن زخمیوں کو ریسکیو کیا گیا اُن میں سے 1 مسافر باقی علاقہ مکین تھے،حادثے میں پندہ سے بیس گھر بہت زیادہ متاثر ہوئے جس کے ملبے تلے پچاس سے زاید لاشیں موجود ہوسکتی ہیں۔

فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ ہیوی مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا جائے تو دو سے تین گھنٹے میں سب کلیئر ہونے کا امکان ہے مگر گلیاں تنگ ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں بہت زیادہ مسائل کا سامنا ہے، جس کی بنیاد پر میں کل صبح تک کا وقت دے سکتا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ بینک آف پنجاب کے صدر ایک گاڑی کے اوپر گرے تھے جبکہ اُسی گاڑی میں تین لوگ پہلے سے موجود تھے جن میں سے دو بلکل محفوظ رہے جبکہ بینک صدر اور ایک دوسرے شخص کو معجزانہ طور پر بچ جانے والوں نے گاڑی سے باہر نکالا ہے۔

طیارے حادثے کے 17 متاثرین کو جناح اسپتال جبکہ 15 کو سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا جبکہ چند زخمیوں کو نجی اسپتالوں میں بھی منتقل کیا گیا ہے۔

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ طیارہ حادثے میں دو مسافر معجزاتی طور پر محفوظ رہے جن میں بینک آف پنجاب کے ظفر مسعود اور محمد زبیر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں زخمیوں کا جسم جھلسا ہوا ہے البتہ ڈاکٹرز نے اُن کی حالت خطرے سے باہر قرار دی ہے۔