رمضان المبارک کی 27شب قیامِ پاکستان ہمارے لیے بہت بڑی نعمت ہے

278

لاہور (نمائندہ جسارت) قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے جو آخری رسول پر نازل ہوئی۔ جس طرح حضرت محمدﷺ کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا اسی طرح قرآن پاک کے بعد کوئی الہامی کتاب بھی نازل نہیں ہو سکتی۔ یہ قیامت تک کے لیے ہر انسان کے لیے ضابطہ حیات ہے۔ رمضان المبارک کی ستائیسویں شب قیامِ پاکستان ہمارے لیے بہت بڑی نعمت ہے۔ ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی علماء کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مرکزی جامع مسجد گول غلام آباد میں تراویح کی نماز میں تکمیل قرآن مجید کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ خالد محمود قاسمی، مولانا محمد یوسف فاروقی اور امامِ تراویح قاری محمد سعید مدنی بھی موجود تھے۔ محبین قرآن کی کثیر تعداد نے 20نکاتی احتیاطی تدابیر کے ساتھ تقریب میں بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مزید کہا کہ قرآن پاک کا پڑھنا، سننا، چھونا، اسے سمجھنا، اس پر عمل کرنا اور اس کو لوگوں تک پہنچانا یہ سب عمل اللہ تعالیٰ کے ہاں قدر ومنزلت کے حامل ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے تراویح میں قرآن سنانے اور سننے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وبا کے دنوں میںگھروں میں بیٹھنے کے بجائے مسجد میں آ کر انہوں نے سچے عاشق قرآن ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ رمضان اور قرآن استحکام پاکستان کے ضامن اور آزادی کے محافظ ہیں۔ جشن آزادی ہمارا تمدنی، تہذیبی تہوار ہے۔ اس کو اسلامی ہجری، قمری کیلنڈر کے مطابق منایا جانا چاہیے۔ تحریک پاکستان ایک نظریاتی، ملی تحریک تھی جس کا مقصد ہندی، فرنگی تمدنی تسلط سے آزادی حاصل کرنا تھا۔ 27 رمضان آزادی و تشکر کا یوم سعید ہے جس کو بھول جانا ناشکری ہے۔