جنید مکاتی کاایم ڈی واٹر بورڈ سے پانی چوروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ

648

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمی کراچی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مینجنگ ڈائر یکٹراسداللہ خان سے پانی چوروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میئر کراچی اور بلدیہ عظمی کراچی پارکس ڈیپارٹمنٹ کے بعض افسران کڈنی ہل پارک پر سے لاکھوں افراد کا پانی چوری کرکے گلشن اقبال اور جمشید ٹاؤن کے لاکھوں افراد کے پانی کو روک پر کڈنی ہل پارک پر لگائے گئے 40 ہزار پودوں کو پانی دیا جارہا ہے۔پچھلے 2 مہینے سے یہ سلسلہ جاری ہے۔

جنید مکاتی نے کہا کہ پورے رمضان عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ پودوں کو گرین بیلٹ سیوریج کے پانی کے بجائے میٹھا پانی دیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام شدید پریشان ہیں، فوری طور پر کڈنی ہل کے ریزررائر سے پانی کی چوری روکی جائے اور عوام کا پانی فوری بحال کیا جائے اور عوام کے پانی کو چوری کرکے غیر قانونی طور پر پودوں کو پانی دیا جانے پر ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

دوسری جانب انہوں نے عباسی شہید اسپتال کے 7 افراد کو معطل کرنے اور 3 افسران کو معطل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غریب مزدوروں کو اپنا قانونی اور آئینی حق مانگنے کی سزا دی گئی ہے۔

حکومت پاکستان اور حکومت سندھ نے تنخواہوں میں 15 فیصد اور 20 فیصد اضافہ مانگنا مزدور کا قانونی حق ہے پورے ملک کے مزدوروں کی تنخواہ میں اضافہ اور صرف KMCکے ملازمین کو اضافہ نہ دینا ظلم عظیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی تنخواہ اور بقایا جات ادا کریں۔ غریب عوام کو اپنا حق مانگنے پر معطل کرنا اور انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانا ظلم ہے۔

میئر کراچی اللہ کے عذاب سے ڈریں اور معطلی کا حکم فوری واپس لیں۔ جو لوگ عوام کو حق دلانے کی باتیں کرتے ہیں اور مہاجر حقوق دلانے کے جھوٹے دعوے کرنے والے عوام سے ان کا جائز حق چھین رہے ہیں اور جو حق مانگے اس کو معطل کرکے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کے ایم سی اور عباسی شہید اسپتال کے ملازمین کے ساتھ ہیں اور ان کو مکمل ساتھ دینے کا یقین دلاتے ہیں۔ان کی جدوجہد میں برابر کے شریک ہیں۔اگر میئر کراچی نے غیر قانونی معطلی احکامات واپس نہ لیے تو مزدوروں کے ساتھ مل کر ان کے حقوق دلائیں گے۔