ڈاکٹر پنجوانی سینٹرکورونا وائرس کی وسیع تجربہ گاہ بن چکا ہے، ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری

803

کراچی( رپورٹ :حماد حسین) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کا کہنا ہے کہ جامعہ کراچی میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی کی جدید”بائیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری“ کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے پاکستان کی ایک جدید اور وسیع تجربہ گاہ کی سہولت بن چکی ہے۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی جامعہ کراچی میں منعقدہ رضا کاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ ”بائیو سیفٹی لیول تھری لیبارٹری“کے قیام کا مقصد کویڈ19کی عالمی وباء میں قومی خدمت گزاری ہے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایات کی روشنی میں یہ لیبارٹری محکمہ صحت سندھ سے موصول شدہ سینکڑوں نمونوں کا روزانہ تجربہ کرتی ہے۔

انہوں نےمزید کہا کہ ایک تعلیمی ادارہ قومی ضروریات کے پیش نظر سبک رفتاری سے صف بند ہوگیا ہو، پروفیسر عطاالرحمن نے قوم کو اس عالمی وباء سے نجات دلانے کے لیے ملک میں متعدد سائنس اورٹیکنالوجی کے منصوبوں پر عمل کروایا، اس لیبارٹر ی کے آغاز سے کرونا وائرس کی تشخیص کی استعدادمیں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی گزشتہ سال وفاقی حکومت کی مالی امداد سے تعمیر ہوا تھا، یہ ایک جدیدتحقیقی ادارہ ہے جو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر جامعہ کراچی کے زیر انتظام کام کرتا ہے۔