بلوچستان میں پھر دہشتگردی ،پاک فوج کے 7 جوان شہید

216

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان میں دہشت گردی کے 2واقعات میں پاک فوج کے 7جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقوں مچھ اور کیچ میں دہشت گردی کے واقعات پیش آئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مچھ میں گزشتہ رات فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی پر آئی ای ڈی سے حملہ کیا گیا۔اس حوالے سے فراہم کردہ تفصیل کے مطابق مچھ کے علاقے پیرغیب میں ایف سی کی گاڑی کو ریمورٹ کنٹرول بم کے ذریعے اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ بیس کیمپ سے معمول کی پیٹرولنگ کے بعد واپسی آرہی تھی۔ پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس حملے میں جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جی سی او) اور ایک سویلین ڈرائیور سمیت6 اہلکار شہید ہوگئے۔شہید ہونے والوں کی شناخت نائب صوبیدار احسان اللہ خان، نائیک زبیر خان، نائیک اعجاز احمد، نائیک مولا بخش، نائیک نور محمد اور ڈرائیور عبدالجبار شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرے واقعہ پاک ایران سرحد کے قریب کیچ کے علاقے میں مند کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں
ایک سپاہی امداد علی نے جام شہادت نوش کیا۔واضح رہے کہ بلوچستان کے شورش زدہ صوبے میں پاک فوج پر حملے کا حال ہی میں یہ دوسرا بڑا واقعہ پیش آیا ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی سڑک کنارے نصب بارودی مواد کے ذریعے فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں میجر سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔
جوان شہید