کوروناوائرس سے خوف اور بےیقینی بڑھی، اقوام متحدہ

675

جنیوا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ کوروناوائرس وبا کے باعث عالمی سطح پر ہر انسان متاثر ہوا ہا، لاکھوں افراد بے روزگار ہوئے کئی زندگیاں ختم ہوگئیں۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعدد ممالک نے ڈبلیو ایچ او کی کورونا وائرس سے حفاظتی اقدامات کے حوالے ہدایات کو نظر انداز کیا ہے۔

دنیا اس وقت کڑے دور سے گزر رہی ہے جبکہ متعدد ممالک اس وبا کو روکنے میں غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی وبا نے بین الاقوامی سطح پر سیاسی، معاشی بنیادوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ لوگوں میں خوف اور بےیقینی کی کیفیت بڑھ گئی ہے جبکہ لاکھوں لوگ بےروزگار ہوگئے ہیں اور کئی موت کا شکار ہوئے ہیں۔

اس موقع پرجرمن چانسلر انجیلا مرکل نے ڈبلیو ایچ او کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس وبا پر قابو پانا ہے تو تمام ممالک کو ذاتی مفاد کو پسِ پشت ڈال کر متحد ہونا پڑے گا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کوروناوائرس کیسز کی تعداد 4,909,136 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 320,434 سے زائد ہے۔