کورونا وائرس: کرکٹ میں نمایاں تبدیلیوں کا جنم

535

کورونا وائرس کے بعد سے کرکٹ میں نمایاں تبدیلیاں جنم لینے لگیں اب بال ٹیمپرنگ کا ‘فریضہ’ امپائرز سرانجام دے سکتے ہیں، تھوک اور پسینے پر پابندی کے باعث گیند کو چمکانے کا کام میچ آفیشلز سےلیے جانے کا امکان ہے۔

کورونا وائرس کے باعث کرکٹ آسٹریلیا نے گیند کو تھوک یا پسینے سے چمکانے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ ایسے میں بیٹ اور بال کے درمیان توازن برقرار رکھنے کیلیے مختلف تجاویز سامنے آئیں جبکہ گیند ساز کمپنی کوکابورا نے اسے چمکانے کیلیے ویکس بھی متعارف کرادی۔ عام طور پر گیند کو کسی بھی مصنوعی چیز سے چمکانا بال ٹیمپرنگ کے زمرے میں آتا ہے، البتہ اب نہ صرف گیند کو ویکس سے چمکایا جائے گا بلکہ یہ کام خود امپائرز سےلیا جا سکتا ہے۔

ایک تجویز یہ بھی تھی کہ پلیئرز امپائرز کی نگرانی میں گیند کو چمکائیں تاہم آسٹریلوی علاقے ڈارون میں امپائرز ہی گیند کو چمکائیں گے،  ڈارون کرکٹ نے 6 جون سے ہی اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، منیجنگ ڈائریکٹر لاچلین بیئرڈ نے کہاکہ تھوک اور پسینے پر پابندی کی صورت میں متبادل راستوں کی تلاش کیلیے آئی سی سی اپنے تمام ممبر بورڈز سے مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے،ویکس ایک ایسا طریقہ ہے جس میں امپائرز کوبھی شامل ہونا پڑےگا۔

واضح رہے کہ ٹاپ لیول کرکٹ میں گیند کو چمکانے کیلیے ویکس صرف آئی سی سی کی منظوری کے بعد ہی استعمال کی جاسکے گی۔