فلسطین کی ایک انچ زمین سے دستبردار نہیں ہوں گے‘سراج الحق

371

لاہور( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ قبلہ اول کی سرزمین فلسطین پر اولین حق فلسطینیوں کا ہے ۔ مئی 1948 ء میں 14 لاکھ فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بے دخل کر دیا گیا اور اسرائیل کی ناجائز ریاست وجود میں لائی گئی جو غیر قانونی عمل تھا ۔ سینیٹر سراج الحق نے خالد مشعل کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو اور فلسطینی قیادت کے نام خط میں کہاہے کہ قبلہ اول کی آزادی کے لیے ایک لاکھ فلسطینی نوجوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں ۔ آج بھی امریکہ اور اسرائیل اس کوشش میں ہیں کہ مغربی کنارے کے مزید 30 فیصد رقبہ پر قبضہ کرلیا جائے ۔ ہم فلسطین کے خلاف عالمی سازشوں کی مذمت کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ اور اقوام عالم فلسطینیوں کی قانونی جدوجہد کی زبانی حمایت کرتے ہیں تاہم مزید عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ اسرائیل نے فلسطینیوں کے خلاف جبر و بربریت کا محاذ کھو ل رکھا ہے لیکن فلسطینی اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستانی عوام ان کی جرأت مندانہ جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ استعماری سازشیں ناکام ہوں گی اور فلسطینی ریاست اپنی اصل حدود میں قائم ہو کر رہے گی ۔ انہوںنے کہاکہ قبلہ اول کی آزادی کے لیے اسلامی دنیا کو اپنی ذمے داریاں پوری کرنی چاہئیں ۔ دنیا کا ہر مسلمان فلسطین اور قبلہ اول کی آزادی چاہتاہے اور فلسطین کی ایک انچ زمین سے بھی دستبردار ہونے کو تیار نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ آپ لوگوں کا ساتھ دیاہے ۔ آپ کی محبت وعقیدت ہمارے دلوں میں موجود ہے اور قبلہ اول کی آزادی کا عزم اور جذبہ ہر مسلمان کے دل میں موجزن ہے ۔ انہوںنے کہاکہ قبلہ اول کو صیہونیوں سے آزاد کرانا ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔