شہزاداکبرکی کوئی قانونی حیثیت نہیں‘طلال چودھری

323

200518-08-
فیصل آباد (صباح نیوز) سابق وزیر مملکت اور ن لیگی رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ شہزاد اکبر کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، وہ لوگوں کے شناختی کارڈ، ذاتی آکائونٹس اور ٹیکس ریٹرن کے دستاویزات کس حیثیت سے لہرا رہے ہیں جو انہیں نیب نے دیے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سرکاری کاغذات اور غلط اختیارات کا استعمال بھی ایک جرم ہے، ہمارے قانونی ماہرین معاملات دیکھ رہے ہیں، قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نیب کی پریس ریلیز اور شہزاد اکبر کی پریس کانفر نس ایک جیسی ہوتی ہیں جوکہ سوالیہ نشان ہے۔ عالمی وبا پر توجہ دینے کے بجائے الزامات کی سیاست ڈنگ ٹپائو پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس اور پراپیگنڈا کرنے سے لوگوںکے پیٹ نہیں بھرتے، کورونا سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں نہ اُ س سے کنٹرول ہو رہا ہے مگر معیشت اور عوام کو خطرہ ہے۔ آٹا چینی اسکینڈل، بی آر ٹی، ادویات اور ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لیے پریس کانفرنس کی جا رہی ہیں۔ شہزاد اکبر22 ویںپریس کانفرنس میں بھی رام لیلیٰ کی کہانی سنا رہے ہیں۔ شہباز شریف کے خلاف صاف پانی اور آشیانہ ہائوسنگ اسکیم پر بھی جھوٹے الزامات عائد کیے گئے مگر ضمانتوں کے فیصلوں میں جو کچھ لکھا گیا وہ شہزاد اکبر اور حکومت کے لیے قابل شرمندگی ہے جبکہ عمران خان کے خلاف جو کیسز ہیںان پر وہ کبھی پیش نہیں ہوئے، تمام کرپٹ لوگ حکومت کی گود میںہیں۔