تعلیمی اداروں کی بندش طویل ہوئی تو بحران جنم لے گا‘ ابرار احمد

205

راولپنڈی (آن لائن) آل پاکستان پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے ڈویژنل صدر ابرار احمد خان نے وفاقی حکومت سے ایس او پیز کے تحت 15جولائی تک تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش طویل ہوئی تو تعلیمی بحران جنم لے گا‘ حکومتی بے حسی کی وجہ سے صرف راولپنڈی ڈویژن میں400 سے زاید تعلیمی ادارے بند ہوچکے ہیں‘ حکومت کی جانب سے کوئی پالیسی نہ بنائی تو ملک بھر میں ہزاروں تعلیمی ادارے بند ہو جائیں گے‘ متعدد پرائیویٹ اسکول مالکان اس صورتحال سے تنگ آکر ادارے بند کرچکے ہیں اور دیگر شعبہ جات کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں‘ حکومت نجی تعلیمی اداروں کو اعتماد میں لے کر موافق حالات میں مرحلہ وار نویں دسوں کے طلبہ کو اسکول آ نے کی اجازت دی جائے‘ والدین کو فیسیں جمع کرانے کا پابند کیا جائے۔ ان خیالات کاانہوں نے گزشتہ روز پریس کلب راولپنڈی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا۔ابرار احمد خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت جاری کی گئی کہ چھوٹے نجی تعلیمی اداروں کو ریلیف کے لیے پالیسی مرتب کر کے 15روز میں رپورٹ کی جائے لیکن 7ہفتے گزرنے کے باوجود تا حال کوئی عملدرآمد نہیں کیا گیا۔