کراچی، 17 سے 22مئی کے دوران ہیٹ ویو کا امکان

511

کراچی والے معتدل درجے کی ہیٹ ویو 17سے 22مئی کےدوران سمندری ہوائیں معطل جبکہ بلوچستان کی شمال مغربی ریگستانی ہوائیں شہرمیں داخل ہوسکتی ہیں اور گرمی کی نئی لہر کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ 40سے 42 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کرتے ہوئے جمعہ کو الرٹ جاری کیا تھا جس کے مطابق 17 تا 22 مئی کے درمیان شہر معتدل ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہ سکتا ہے اور  ہیٹ ویو کے دوران دن میں درجہ حرارت 40سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ دن کے اوقات میں سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں معطل رہ سکتی ہیں جبکہ بلوچستان کی گرم وخشک  شمال مغربی اور مغربی ریگستانی ہوائیں شہر میں داخل ہونے کی توقع ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق نئے ہیٹ ویو کے دوران سمندری ہواؤں کی مختصر وقت  کیلئے  بندش کے بعد بحال ہونے کا امکان ہےجبکہ ہوا میں نمی کا تناسب بھی غیر معمولی طور پر نہیں بڑھے گا۔اس دوران شہری 11سے شام 4 بجے کے دوران بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے گریز کریں اوراشد ضرورت کے تحت سر کو گیلے کپڑے سے ڈھانپنے کا حتی الامکان اہتمام کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 37.2 ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد اور شام کے وقت 56 فیصدرہا۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہناہے کہ ہفتےکو شہر کا مطلع گرم ومرطوب رہنے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔