الخدمت ویمن ونگ کی طرف سے مستحق خواتین میں عید پیکج کی تقسیم

747
لاہور: الخدمت فائونڈیشن خواتین ونگ کی صدر کلثوم رانجھا مستحقین میں عید پیکیج تقسیم کررہی ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ کی ٹیم نے سینٹرل آفس منصورہ لاہور میں بڑے پیمانے پر ضرورتمند خواتین میں عید پیکج تقسیم کیے۔ دریں اثناالخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ کی ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ کی صدر کلثوم رانجھا نے کہا کہ رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے جس میں اللہ تعالی کی بے شمار رحمتیں اور برکتیں نازل ہوتی ہیں جس سے ایک ایسی فضا بن جاتی ہے جس میں دوسروں کے لیے ہمدردی ، قربانی کا جذبہ ، احساس ذمے داری پہلے سے کہیں زیادہ ہوتا ہے ، الخدمت فائونڈیشن ویمن کی ذمے داران اور رضا کار ورکرز نے کورونا وباکی اس آزمائش کے عرصے میں ملک بھر میں خدمت کی مثالیں قائم کی ہیں۔ کلثوم رانجھا نے کہا کہ یہ آزمائش کا وقت ہے اس میں ہم یتیم بچوں اور ان کی حوصلہ مند ماؤں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، معاشرے میں ضرورت مند خواتین کا خیال رکھنا حکومت کی اور ہم سب کی ذمے داری ہے ۔ رمضان المبارک اور خاص طور پر عید الفطر کے موقع پر اپنے ارد گرد موجود غریبوں ،مساکین ،بیوائوں اور یتیموں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ان کے لیے سحری اور افطاری کا انتظام کیا جائے اور عیدپر اپنے بچوں کے ساتھ ساتھ یتیم بچوں کو بھی نئے کپڑے اور جوتے خرید کر دیے جائیں تاکہ وہ بھی عید الفطر کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت کی ذمے داری حکومت اور معاشرے دونوں پر ہے۔بیگم کلثوم رانجھا نے کہا کہ الخدمت کی ان کاوشوں کا مقصد مستحق خواتین کی دلجوئی کرنا ہے تا کہ ان غیر معمولی حالات میں وہ اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بلا فرق رنگ ونسل انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔