پابندی کے باوجود کراچی سمیت ملک بھر میں یوم علیؓ پر جلوس۔ ایس او پیز کا کہیں خیال نہیں ر کھا گیا

1091
لاہور: یوم علیؓ کا جلوس حکومتی ایس او پیز کوبالائے طاق رکھ کر اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے، دوسری جانب کراچی کے مرکزی جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد موجود ہے

کراچی/لاہور (اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت)کورونا وائرس کے باعث جلسے و جلوس پر پابندی کے باوجود کراچی سمیت ملک بھر میں یوم علیؓ پر ماتمی جلوس نکالے گئے۔کہیںبھی ایس او پیز کا خیال نہیں رکھا گیا،جلوس کے شرکا نے ماسک پہنے نہ ہی سماجی فاصلے کی پرواہ کی اورلاک ڈائون سے متعلق پابندیاں ہوا میں اڑا دی گئیں۔شرکاء نے کھل کر ماتم اور زنجیر زنی کی۔کراچی میں یوم علیؓ کے جلوس کو کامیاب بنانے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے ایک روز پہلے ہی انتظامات مکمل کرلیے گئے تھے، پولیس کو زبانی طور پر جلوس کے شرکا ء سے مکمل تعاون کرنے اور فول پروف سیکورٹی دینے کی ہدایت جاری کی گئی۔بم ڈسپوزل اسکواڈ نے نشترپارک اور جلوس کے روٹ کو بھی کلیر کیا۔نشتر پارک میں مرکزی مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا جس کے بعد شرکا جلوس کی شکل میں ماتم اور زنجیر زنی کرتے ہوئے کھارادر پہنچے جہاں جلوس کا اختتام ہوا۔ جلوس کی گزرگاہ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور کنٹینر لگا کر عوام کے لیے راستوں کو سیل کیا گیا تھا۔ سندھ حکومت نے جمعہ کے روز جلوس کے شرکا کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ کریانہ ،سبزی کی دکانوں سمیت میڈیکل اسٹورز کو بھی سہ پہر 3بجے تک بند رکھنے کے احکامات جاری کیے تھے۔پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے جلوس کے روٹس کی سرچ اور سوئپنگ کی گئی جلوس کی کڑی نگرانی کی گئی۔بعد ازں پولیس نے جلوس مکمل ہونے کے بعد کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 38 مقدمات درج کیے گئے، 150 کے قریب لوگوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جن افراد پر مقدمہ کیا گیا یا گرفتار کیا گیا ان میں جلوس کے منتظمین اور شرکا دونوں شامل ہیں۔دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم ) سندھ نے مقدمات اورگرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔رہنما ایم ڈبلیو ایم علامہ باقر عباس زیدی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 200 سے زائد افراد کی جلوس سے واپسی پر گرفتاری قابل مذمت ہے، گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے۔دوسری جانب لاہور میں اندرون موچی گیٹ سے حویلی گامے شاہ تک جلوس نکالا گیا۔ یوم شہاد ت حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کے جلوس میں شرکت کے لیے سیکڑوں افراد موچی گیٹ پہنچے ۔جلوس اپنے روایتی راستے سے گزرتے ہوئے حویلی گامے شاہ پہنچ کر ختم ہوا ۔تمام راستے پولیس نے کوئی مزاحمت نہیں کی۔راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں بھی ماتمی جلوس نکالے گئے جب کہ شرکا کو کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔