حکومت ایس او پیز پر عملدرآمد میں ناکام نظر آرہی ہے‘ پیما

460

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ایک جانب بیماری بہت تیزی سے پھیل رہی ہے تو دوسری جانب عوام اور کاروباری طبقے نے احتیاطی تدابیر کو بالائے طاق رکھا ہوا ہے، یہ رویہ باعث تشویش ہے، حکومت بھی ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے میں ناکام نظر آتی ہے۔ پیما ہاؤس سے جاری بیان میں عوام سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ زیادہ رش اور ہجوم والی جگہوں پہ جانے سے مکمل اجتناب کریں اور غیر ضروری طور پر بازاروں کا رخ نہ کریں۔ پیما نے ساتھ ہی حکومت پر زور دیا کہ وہ ایس او پیز کی عمل داری کو یقینی بنائے، بازاروں میں بغیر کسی احتیاط کے عید کی شاپنگ جاری ہے، ساتھ ہی بیان میں حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ غیر ضروری اجتماعات بشمول مذہبی اجتماعات اور جلسے جلوسوں کے انعقاد کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ امامیہ میڈکس انٹرنیشنل پاکستان کی طرف سے جاری کردہ یوم علیؓ کے حوالے سے ہدایات کا بھی خیر مقدم کیا گیا اور اہل تشیع حضرات سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ ان ہدایات کی پابندی کو اپنے حلقوں میں یقینی بنائیں تاکہ اس بیماری کو بڑھنے سے روکا جاسکے۔ ساتھ ہی دیگر مذہبی حلقوں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ بھی حکومت کی طرف سے جاری کردہ احکامات کی مکمل پابندی کریں۔