مودی حکومت نے اسلام کیخلاف نفرت آمیز رویہ اپنارکھا ہے‘ علما کونسل

167

فیصل آباد (آن لائن) علما کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ مودی حکومت نے اسلام کے خلاف ایک نفرت آمیز رویہ اپنا رکھا ہے، بھارت میں مسلمانوں کو کورونا وائرس کے پھیلائو کا موجب قرار دے کر ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارتی عزائم کو روکنے کے لیے قومی یکجہتی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عالمی سطح پر مزید اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی وائس چیئر مین مولانا عبید الرحمن، سیکرٹری جنرل شاہ نواز فاروقی، مولانا شبیر احمد عثمانی، مولانا حافظ محمد امجد، حفیظ الرحمن کشمیری، محمد طیب ایڈووکیٹ اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان پر دراندازی کے الزام لگا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بھارت کی اپنی پیدا کردہ ہے، گزشتہ9 ماہ سے نہتے کشمیری بھارتی کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کے نوجوانوں پر حملے افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔ بھارت کے خلاف کشمیریوں میں پایا جانے والا غم و غصہ فطری ہے، بھارت نے جس طرح کشمیر کو3 حصوں میں تقسیم کیا ہے اور اس کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی کوشش کی ہے اس سے نہ صرف کشمیری مسلمان بلکہ مقبوضہ کشمیر میںموجود تمام اقلیتیں بھی ناخوش ہیں۔