پنجاب میں تبدیلی ق لیگ کے بغیر لانا چاہتے ہیں‘ رانا ثنا اللہ

210

فیصل آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدراورسابق صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں ق لیگ کے کندھے کے بغیر تبدیلی چاہتے ہیں مسلم لیگ ن کی ق لیگ سے کسی قسم کی سیاسی ملاقات نہیں ہے۔ چودھری برادران کے خلاف نیب کی کارروائی نخرے روکنے کے لیے شروع کی گئی ہے۔ ان کی سیاسی انجینئر نگ کرکے معاملات سیدھے کر لیے جائیں گے۔ اندازہ ہے کہ پنجاب میں ق لیگ کے عدم تعاون پر پی ٹی آئی کی خواہش پر نیب چودھریوں پر دباؤ بڑھا رہا ہے ۔ ’’ صباح نیوز ‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ قادیانی کوئی الگ مذہب یا اقلیت نہیں بلکہ ایک فتنہ ہے۔ انہیں کسی صورت اقلیتی کمیشن کا رکن نہیں بنایا جا سکتا۔قادیانی آئین پاکستان کے تحت غیر مسلم ہیں مگر اس کے باوجود امتناع قادیانیت ایکٹ کے تحت انہیں مسلم شعائر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ اسی بات پر میرے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا آج وہی بات تمام علماء کہہ رہے ہیں کہ قادیانی باقاعدہ مذہب نہیں بلکہ الگ فتنہ پرور گروہ ہے۔ قادیانی فتنہ تحریک انصاف کے اندر اثرورسوخ رکھتا ہے یہی وجہ ہے بار بار قادیانیوں کے بارے میں نرم گوشہ دکھایا جاتا ہے۔ میں رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف جب چاہیں گے واپس جا سکتے ہیں جب چاہے آ سکتے ہیں۔ رمضان میں بھی پنڈی کا شیطان اپنی شیطانی فطرت کی وجہ سے از خود میاں شہباز شریف کے خلاف بیان بازی کر رہا ہے۔نیب کی میاں شہباز شریف کے خلاف چولستان الاٹمنٹ کیس میں طلبی بے بنیاد ہے۔ حکومت نیب کو استعمال کرتے ہوئے اپنے خلاف تنقید کو روکنے کیلیے سیاسی مخالفین کو مقدمات میں الجھا کر وقت گزار رہی ہے۔ مسلم لیگ ن نیب کے اسی کردار کی وجہ سے نیب کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتی ہے جبکہ حکومت اپنے لوگوں کو بچانے کیلیے مطلب کی ترمیم لانا چاہتی ہے۔ لاک ڈاؤن کی پالیسی اور شرائط ناقابل عمل ہیں۔ عوام اور پولیس کو ایک دوسرے کے مقابل لاکر انارکی پھیلائی جا رہی ہے۔