وزیر خارجہ کا سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب

317

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ وڈیو لنک کے ذریعے ٹاؤن ہال میں اجلاس ہوا، جس میں اسپیشل سیکرٹری خارجہ معظم علی خان اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔ سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز، قونصل جنرل خالد مجید اوردیگر افسران بھی وڈیو لنک کے ذریعے اس موقع پر اجلاس کا حصہ تھے۔ سفیر پاکستان راجا علی اعجاز نے وزیر خارجہ کو کورونا کی وبا سے متعلق سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں 150 پاکستانی کورونا وبا سے متاثر ہوئے جبکہ 30 پاکستانی جاں بحق ہوگئے۔سعودی حکومت کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن سمیت مختلف اقدامات کررہی ہے۔ اس سلسلے میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پاکستان تحریک انصاف (سعودی عرب) کے عہدے داروں اور کمیونٹی کے دیگر افراد کے ساتھ کال پر براہ راست گفتگو بھی ہوئی، جس میں سعودی عرب میں اس وقت درپیش مشکلات سے متعلق سوال جواب ہوئے، جن میں خصوصی پروازیں چلانے، وفات پا جانے والوں کی میتوں کو پاکستان پہنچانا، جیلوں میں قید پاکستانیوں کے جرمانے ختم کرانے، اقامہ سے متعلق مسائل، کورونا کے باعث ذہنی انتشار کا شکار ہونے والے افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات، احساس پروگرام میں پاسپورٹ کی شرط کا خاتمہ، ایجنٹ مافیا کو رجسٹرڈ کرنے سمیت دیگر کئی معاملات زیر بحث آئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں تقریباً 38 لاکھ لوگ کورونا وبا کا شکار ہو چکے ہیں۔ سعودی عرب سے 30 ہزار لوگ وطن واپس آنے کے منتظر ہیں اور ہم انہیں جلد ہی پاکستان لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وسائل کی کمی ہے، تاہم ملک واپس آنے والے ہر پاکستانی کی کورونا سے متعلق ٹیسٹنگ ہوگی اور اسی تناسب سے ہمیں قرنطینہ کی سہولیات کا بھی بندوبست کرنا ہے، جس میں حکومت بہت جلد کامیاب ہو جائے گی۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کورونا وبا کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کا کردار قابل تحسین ہے ۔