5 تا 8 مئی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جائےگی، میئر کراچی

471

کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی میں 5 تا 8 مئی کے دوران متوقع گرمی کی لہر کے پیش نظر کے ایم سی کے اسپتالوں میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

میئر کراچی نے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز کو ہدایت کی کہ تمام اسپتالوں میں ہیٹ ویو کے پیش نظر تمام انتظامات مکمل رکھیں جائیں، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ادویات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔

میئر کراچی  کا کہنا تھا کہ  محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 5 تا 8 مئی تک درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، رمضان المبارک میں شہریوں کی اکثریت روزے سے ہوتی ہے اور درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوگااس لئے ہیٹ ویو کے اثرات شہریوں پر آسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت بڑھنے سے شدید پیاس اور ہیٹ اسٹروک ہوسکتا ہے ا س لئے شہری 5 تا 8 مئی تک انتہائی احتیاط برتیں، گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔

وسیم اختر نے مزید کہا کہ اسپتالوں میں پہلے سے ہی کورونا وائرس کے باعث مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اموات کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے، اس لئے ایسے افراد جن کی عمر 55 سال سے زائد ہے اور بچے  انتہائی احتیاط سے کام لیتے ہوئے دن میں گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

میئر کراچی  کا مزید کہنا تھا کہ وہ ہیٹ ویوز کے دنوں میں  کسی بھی اسپتال میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے، کے ایم سی کے بڑے اسپتالوں میں ہیٹ ویوز کے حوالے سے علیحدہ سے انتظامات کئے جائیں، ڈاکٹرز اور عملے کو تین شفٹوں میں تقسیم کرکے تعینات کیا جائے۔