سعودی بادشاہ کی خواہش پر کوڑوں کی سزا ختم

1407

ریاض: سعودی سپریم کورٹ نے جرم ثابت ہونے پر کوڑے مارنے کی سزا کو ختم کرنے کا حکم دے دیا ۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی سلطنت کی سپریم کورٹ کی جانب سےحکم دیا گیا ہےکہ ملک میں کوڑے مارنے کی سزا کو قید، جرمانے یا دونوں سےتبدیل کیا جائےگا۔

سعودی عدالتی دستاویزات کےمطابق سپریم کورٹ نے مجرم کو کوڑے مارنے کی سزا کو بادشاہ شاہ سلمان کی ہدایت پر ختم کیا ہے جبکہ یہ اصلاح سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی براہ راست نگرانی میں کی جا رہی ہے۔

دستاویزات میں مزید کہا گیا ہے کہ فیصلہ انسانی حقوق سےمتعلق اصلاحات میں توسیع ہے جو فرمانروا شاہ سلمان کی ہدایات اورسعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی براہ راست نگرانی میں متعارف کروائی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں کئی جرائم پر کوڑوں کی سزا دی جاتی ہےاور انفرادی ججز اپنے طورپر اسلامی تعلیمات کےمطابق مجرمان کوسزا سناتے ہیں۔

An aerial view of the Great Mosque in the Saudi holy city of Makkah. AFP

قبل ازیں انسانی حقوق کی تنظیموں نے ماضی کے ایسے متعدد کیسز سامنے رکھے تھے جن میں سعودی ججز نے ہراساں اور سرعام نشہ کرنے سمیت کئی جرائم میں مجرمان کو کوڑوں کی سزا سنائی تھی۔

ریاست کے حمایت یافتہ انسانی حقوق کمیشن (ایچ آر سی) کےسربراہ عواد العواد نےرائٹرز کو بتایا کہ یہ اصلاح سعودی عرب کے انسانی حقوق کے ایجنڈا میں یادگار قدم ہے اور سلطنت میں حالیہ کی گئیں کئی اصلاحات میں سے ایک ہے۔