سندھ حکومت نے سوشل سپورٹ سروس کا آغاز کردیا

1054

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے COVID-19 ایمرجنسی کے دوران کونسلنگ اینڈ سائکو – سوشل سپورٹ سروس کا آغاز کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل سپورٹ سروس پر ہیلپ لائن 1093 ، ویب پیج COVIDPSS.PK اور کمیونٹی پر مبنی سائیکو سوشل سپورٹ موبائل ایپ  اور اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے ذریعے رسائی حاصل کی جاسکتی ہے ۔

انہوں نے 1093 پر ڈائل کرکے لانچنگ تقریب کا  مشاہدہ کیا اور ہیلپ لائن پر دستیاب خدمات کے بارے میں دریافت کیا۔ محکمہ بلدیات نے محکمہ صحت ، یونیسف اور یو این ڈی پی کے تعاون سے اس سروس کا آغاز کیا ہے۔

لانچنگ تقریب میں وزیر بلدیات ناصر شاہ ، وزیر توانائی امتیاز شیخ ،وزیرتعلیم سعید غنی ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب ، سکریٹری لوکل گورنمنٹ روشن شیخ اور دیگرنے شرکت کی۔

ناصر شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کوصوبے کے عوام کے لئے صلاح مشورے اور نفسیاتی سماجی تعاون کی خدمات کی خصوصیات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ کورونا وائرس  کی وجہ سے لوگ صدمے اور افسردگی کا شکار ہیں۔

ناصر شاہ  کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچوں ، خواتین اور مردوں کی بنیادی طور پر آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے مشاورت کی جائے گی۔مقامی حکومت کے پاس 25 ماہر نفسیات / نفسیاتی ماہرین ہیں اور 50 سے 70 کے لگ بھگ رضاکارانہ مشیر ہیں جن میں ڈاکٹر ، پروفیسر ، ٹرینر ، زندگی کے ہر شعبے سے وابستہ شخصیات شامل ہیں۔

وزیر بلدیات نے مزید بتایا کہ آن لائن پلیٹ فارم میں آگاہی کے لئے ویب سائٹ اور اینڈروئیڈ کی ایپلی کیشن شامل ہے۔ دیگر خدمات فراہم کرنے والوں کے حوالے سے طریقہ کار کے لیے لنک بنا دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ COVID-19 ایمرجنسی کے دوران مشاورت اور نفسیاتی معاشرتی مدد کی خدمات سب سے اہم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال نے انسانی نفسیات پر منفی اثرات چھوڑے ہیں لہٰذا ماہرین کی مشاورت سے بڑی مدد ملے گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے یونیسف اور یو این ڈی پی کی حمایت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ ملا کر قوم کو کورونا وائرس ۔19 کی دلدل سے نکال سکتے ہیں۔