رمضان میں اجتماعی عبادات کی پابندی پر سعودی بادشاہ کا افسوس کا اظہار

444

ریاض: سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے کہا ہےکہ عالمی وبا کے باعث ماہِ رمضان میں اجتماعی عبادات کی پابندی پر افسوس ہے۔

العربیہ کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے سعودی عرب اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کوروناوائرس سے حفاظتی تدابیر کے نتیجے میں اجتماعی عبادات پر پابندی کے حوالے سے افسوس ہے۔

شاہ سلمان نے کورونا وائرس وبا سے پیدا ہونے والی مشکلات پر بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ تمام حکومتوں کی جانب سے حفاظتی اقدامات انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے ہیں۔ ہمیں افسوس ہے کہ اس سال رمضان المبارک ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب ہم ایک حساس دور سے گزر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اموات کی تعداد 130 سے زائد ہے۔