حکومت کورونا کے معاملے پر سیاست کررہی ہے‘ اسد اللہ بھٹو

205

سکھر( نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر سابق رکن قومی اسمبلی اسدا للہ بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت کورونا کے معاملے پر سیاست کر رہی ہے، سیاست کا موقع نہیں ، حکومت کو سیاست کے بجائے عوام کی خدمت پر توجہ دینی چاہیے۔جماعت اسلامی کا کام اس وقت بڑی اہمیت کا حامل ہے، رمضان المبارک کا مقدس مہینہ آرہا ہے، اس ماہ کورونا وائرس کے مقابلے کے ساتھ ساتھ اللہ کی طرف رجوع کیا جائے ، مطالعہ قرآن، مطالعہ حدیث ، مطالعہ کتب اور نماز کی پابندی کی جائے ، جماعت اسلامی کا شعبہ الخدمت فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے کورونا سے متاثرہ افراد کا بھرپور تعاون کر رہا ہے، واحد این جی او ہے جو میدان عمل میں ہے، ہزاروں رضا کار مصروف عمل ہیں۔اسداللہ بھٹو نے تحصیل پنوعاقل کا دورہ کیا جہاں جماعت اسلامی کے دیرینہ رکن ،سابق قیم جماعت اسلامی سکھرڈویژن مرحوم سیدعلی گوہر شاہ کے صاحبزادوں سید اختر علی شاہ، سید ظہیرعلی شاہ سے اظہار افسوس و تعزیت کی،مرحوم کی دینی خدمات کو سراہا ، علاوہ ازیں انہوں نے پنوعاقل کی معروف سیاسی شخصیت سردارعلی گوہر اندھڑ کی رہائش گاہ جا کر ان کی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس و تعزیت کی، پنوعاقل میں کلہوڑا برادی کے رہنما ممتاز سیاسی سماجی شخصیت اللہ وسایو کلہوڑو کے بڑے بھائی کی وفات پر تعزیت کی، جماعت اسلامی تحصیل پنوعاقل کے امیر امان اللہ تنیو کے گھرجا کر ان کے بھتیجے کی وفات پر اظہار تعزیت، سابق امیرجماعت اسلامی تحصیل پنوعاقل غلام شبیرکے گھر جا کر ان کی عیادت کی جو علیل ہیں، ان کے ہمراہ امیرجماعت اسلامی ضلع سکھرمولانا حزب اللہ جکھرو، امیر جماعت اسلامی تعلقہ پنوعاقل امان اللہ تنیو،امیر پنوعاقل شہر عبدالکریم اندھڑ، عبدالرحمن اندھڑ، مولانا شبیر احمد لاشاری و دیگر رہنما موجود تھے۔