لاڑکانہ، کتوں کے کاٹنے سے 6 سالہ بچہ جاں بحق

216

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے نواحی گاؤں میں آوارہ کتوں نے 6 سالہ بچے کو نوچ کر زخمی کردیا، بچے کی چیخ و پکار پر ورثا نے لاش اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی تاہم بچہ راستے میں ہی دم توڑگیا، موت کی تصدیق کے بعد ورثا لاش پر ماتم کرتے رہے۔ لاڑکانہ کے قریب کھوسہ گاؤں میں 6 سالہ بچے ظہیر گڈانی کو کاٹ کھایا، آوارہ کتوں نے معصوم بچے کے چہرے، بازو اور ٹانگوں کو نوچ ڈالا، ورثا کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم خون زیادہ بہہ جانے سے بچہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ اسپتال پہنچنے پر بچے کی موت کی تصدیق کے بعد لواحقین لاش پر ماتم کرتے رہے جبکہ ضرور کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ اس موقع پر متوفی بچے کے والد احمد نواز گڈانی نے بتایا کہ بیٹا جیسے ہی گھر سے باہر نکلا تو آوارہ کتوں نے بیٹے پر حملہ کردیا، پانچ سے سات آوارہ کتے بیٹے کو نوچتے رہے، چیخ و پکار پر نکل کر بیٹے کو کتوں سے چھڑوایا تاہم خون بہت بہہ چکا تھا۔ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔