سکھر،بجلی چوروں کیخلاف آپریشن سینکڑوں کنکشن منقطع

757

سکھر (نمائندہ جسارت) سیپکو سب ڈویژن روہڑی کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کا ایک بار پھر آغاز، سیکڑوں غیر قانونی کنکشن وکنڈے منقطع، سیکڑوں میٹر تاریں ضبط، بجلی چوری کرانے میں ملوث پرائیویٹ 10 لائن مینوں کے نام مقدمے کے لیے روہڑی تھانے میں دے دیے گئے۔ سیپکو سب ڈویژن روہڑی کے ایس ڈی او عبدالفہیم بالکانی اور نوٹری سیل انچارج محمد علی کی قیادت میں سیپکو کی چھاپا مار ٹیم کی جانب سے ہفتے کے روز روہڑی کے مختلف علاقوں گورگیج محلہ، مہیسر محلہ، اسٹیشن روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے سیکڑوں غیرقانونی کنکشن اور کنڈے منقطع کرکے بجلی کی چوری میں استعمال ہونے والی سیکڑوں میٹر تار اپنی تحویل میں لے لی۔ اس سلسلے میں ایس ڈی او روہڑی عبدالفہیم بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن کے باعث تجارتی مارکیٹیں بند ہیں اور لوگ گھروں تک محدود ہیں تاہم رہائشی علاقوں میں بجلی چوری کی وجہ سے اضافی لوڈ میں ناصرف بجلی کی فراہمی میں مسائل اور خرابی پیدا ہورہی ہے بلکہ بیشتر علاقوں میں بجلی چوری کے باعث ٹرانسفارمروں پر اضافی لوڈ کے باعث ان میں فالٹ پیدا ہونا معمول بن چکا ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ گھروں میں محصور بجلی صارفین کو بلا رکاوٹ بجلی کی فراہمی بحال رکھنے کے لیے بجلی چوروں کے خلاف ایک بار پھر آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیشتر پرائیویٹ لائن میں بھی بجلی چوری میں ملوث ہیں تاہم تشکیل کردہ ٹیموں نے بجلی چوری میں ملوث 10 افراد کے خلاف روہڑی تھانے میں مقدمے کے اندارج کے لیے انکے نام دے دیے ہیں۔ دوسری جانب بجلی چوروں کے خلاف سیپکو کی کارروائی پر بجلی صارفین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سیپکو چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔