گھارو، لاک ڈائون کی آڑ میں واٹر پارک کے 35 ملازمین برطرف

749

گھارو (نمائندہ جسارت) کورونا لاک ڈاؤن کی آڑ میں سن وے لگون واٹر پارک گھارو نے 35 ملازمین کو ملازمت سے برطرف کر دیا برطرف کیے جانے والے ملازمین کا پریس کلب گھارو پر احتجاج، انصاف نا ملنے کی صورت میں خود کو زندہ جلانے کی دھمکی۔ گھارو میں واقع سن وے لگون واٹر پارک جو کورونا کی وجہ سے مارچ 2020ء سے بند کردی گئی ہے اور اسکی وجہ سے وہاں ملازمت کرنے والوں کو بھی چھٹی دے دی گئی ہے جن کی تنخواہ بھی روک دی گئی ہے یاد رہے سندھ حکومت نے ایسے تمام اداروں کو واضح ہدایت جاری کیں تھیں کہ وہ ملازمین تنخواہ دینے کے پابند ہوں گے تاہم مذکورہ واٹر پارک کے برطرف مقامی ملازمین حسن جوکھیو، اصغر جوکھیو، ابوبکر کاتیار، گہرام جوکھیو کے مطابق انتظامیہ نے سندھ حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مارچ 2020ء کی تنخواہوں کے بعد 35 مقامی مزدوروں کو ملازمت سے برخاست کردیا ہے۔ مذکورہ پارک میں 30 سال سے ملازمت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جہاں آج تک کبھی ہمیں تنخواہوں کے حوالے سے شکایت نہیں رہی ہے، پارک سردیوں میں بند کردیا جاتا تھا مگر ہمیں تنخواہ دی جاتی رہی مگر اب جو موجودہ انتظامیہ ہے پتا نہیں کیوں لاک ڈاؤن کی آڑ میں تعصب بازی کرتے ہوئے سن وے لگون کے دیگر مزدوروں کی تنخواہیں تو ادا کررہی ہے مگر مقامی 35 ملازمین کو پارک بند ہونے کا بہانہ بناتے ہوئے ملازمت سے برخاست کرنے کا حکم بھی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ضلعی انتظامیہ ڈی سی ٹھٹھہ، اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ میرپور ساکرو کو اس حوالے سے درخواست جمع کروائی ہے ان کے جواب کا انتظار ہے، بصورت دیگر مزدوروں کا حق نہیں دلایا جاتا تو ہم خود پر واٹر پارک کے سامنے مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگادیں گے۔