حکومت دہاڑی دار طبقے کی ہر ممکن مدد کررہی، میر عابد خان

429

شکارپور (نمائندہ جسارت) ایم این اے و شکارپور ضلع کوائیڈ 19 کے کوآرڈینیٹر میر عابد حسین خان بھیو نے پریس کلب شکارپور میں میٹ دی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے باعث پوری دنیا پریشان ہے، لاک ڈائون کی وجہ سے دہاڑی کمانے والوں کی حکومت مدد کررہی ہے، مخیر حضرات سے گزارش ہے کہ وہ بھی اپنا کردار ادا کریں، اپنے اپنے محلوں میں غریب، بیوائوں، یتیموں کا خیال رکھیں اور اس مشکل گھڑی میں انسانی ہمدردی کے تحت اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے حکومت سندھ کا ساتھ دیکر لاک ڈاؤن کرکے گھروں میں ہیں اور حکومت سندھ پہلے دن سے ہی اپنے عوام کے ساتھ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ضلع شکارپور کے مستحقین و دہاڑی داروں کا حقیقی بائیو ڈیٹا ہمارے پاس نہیں مگر کچھ سماجی تنظیموں نے غریبوں کی لسٹیں بنائی ہیں، ان سے مدد لے رہے ہیں، ہمیں ڈر ہے کہیں کوئی شخص بھوکا نہ سوئے۔ سندھ حکومت نے پہلے فیز میں شکارپور کی چاروں تحصیلوں میں 8 ہزار 1 سو 50 راشن بیگ تقسیم کیے، جبکہ دوسرے مرحلے میں 7 ہزار 3 سو راشن بیگ تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کرنے کا نہیں ہے، سندھ حکومت کی جانب سے مساوی تقسیم ضلع بھر میں کی گئی ہے۔ مذکورہ تقسیم سیاست سے بالاتر ہوکر لوگوں کو لاک ڈائون کے باعث اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مند زیادہ ہیں مگر ہم زیادہ مستحقین کو راشن فراہم کررہے ہیں۔