جمعہ کا خطبہ و اذان بی بی سی پر لائیو نشر ہوگا

1147

لندن: کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث برطانیہ میں  لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام تر مساجد بند ہیں جس کے پیشِ نظر پہلی مرتبہ بی بی سی ریڈیو پر جمعے کے روز اذان اور خطبے کی نشریات کا آغاز کیا جائے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق برطانیہ میں مقیم مسلمانوں کیلئے  پہلی مرتبہ بی بی سی ریڈیو پر جمعے کا خطبہ بھی نشر کیا جائے گا جس میں  مختلف امام جمعہ کا خطبہ دیں گے جو بی بی سی کے 14 مقامی ریڈیو اسٹیشنز پر نشر کیا جائے گا۔

بی بی سی مقامی ریڈیو کے سربراہ کرس برنس نے کہا کہ ‘مقامی ریڈیو معاشرے میں موجود لوگوں کو آپس میں جوڑتا ہے، اور ہم امید کرتے ہیں کہ ہر ہفتے جمعے کے خطبے اور اذان سے مسلمانوں کو لاک ڈاؤن کے باوجود بھی ایک ہونے کا احساس ہوگا’۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں جمعے کے روز ایک ہی دن ریکارڈ 980 اموات ہوئیں ، جس کے بعد برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار 958 تک پہنچ گئی،متاثرہ افراد کی تعداد 74 ہزارزائد ہے جبکہ  گزشتہ جمعے 5 ہزار 706 افراد کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 1 لاکھ 2 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بھی 17 لاکھ سےزیادہ ہوچکی ہے۔