عوام حکومتی فیصلوں پر عمل کرکے کورونا کو شکست دیں، وزیر اعلیٰ سندھ

457

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوام سے ایک بار پھر اپیل کی کہ اپنے گھروں میں رہیں اور ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں، حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد کر کے کورونا کو شکست دیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا کی صورتحال پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 586 مزید ٹیسٹ کئے، نئے ٹیسٹ میں مزید 86 افراد میں کورونا پایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں اب تک 12 ہزار 209 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

*انہوں نے کہا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 1214 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 358 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں جو کل مریضوں کا 30 فیصد ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے باعث ایک اموات ہوئی، یہ اموات میرے بہنوئی سید مہدی شاہ کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے سبب جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے، جو کُل مریضوں کا 1.8 فیصد ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سید مہدی شاہ 52 سال کے تھے، 28 مارچ کو ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، مہدی شاہ کورونا سے جنگ جیت گئے تھے، انکے 2 ٹیسٹ منفی آئے تھے،
مہدی شاہ کو کورونا کے باعث پھیپھڑوں اور دیگر امراض نمودار ہوئے، ان مسائل کے سبب مہدی شاہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اسپتال میں مہدی شاہ کو کورونا کا مریض ڈکلیئر نہیں کیا، اس کے باوجود ہم نے مہدی شاہ کی تدفین کورونا SoP کے بنیاد پر کی۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگوں نے اس دکھ کی گھڑی میں تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں، تعزیتی پیغام بھیجنے والوں میں زیادہ تر لوگ میرے جاننے والے نہیں ہیں، میں ان سب کا شکرگزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دوستوں سے گزارش ہے کہ مہدی شاہ کی مغفرت کیلئے اپنے گھروں میں دعا کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کو ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں میں رہیں، ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں اور اپنی، اپنے خاندان اور دوستوں کی زندگی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں اور حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد کر کے کورونا کو شکست دیں۔