کراچی میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

617

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ضلع سینٹرل کی رہائشی فیملی کے سات افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے جس چیز کا ڈر تھا آج افسوس کے ساتھ وہ ہی ہوگیا،
کراچی کے ایک ہی خاندان کے سات افراد میں کورونا ظاہر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع سینٹرل کراچی کی کچی آبادی میں فیملی کا سربراہ باہر سے وائرس لیکر گھر گیا، جس کے باعث پورے خاندان بشمول ایک سال کے بیٹا اور 6 سال کی بیٹی کو کورونا وائرس ہوگیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچی آبادی میں رہنے والے بہن بھائیوں سے گذارش ہے راشن اور امداد ضرور لیں، لیکن راشن اور امداد کے ساتھ کورونا وائرس گھر نہ لے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ راشن یا امداد لیتے وقت ایک دوسرے سے فاصلہ ضرور اختیار کریں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 642 ٹیسٹ کئے ہیں، 24 گھنٹوں میں کورونا کے 92 کیسز ظاہر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 1128 ہے جبکہ 349 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جو متاثرہ افراد کا 31 فیصد ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں کورونا سے ایک ہلاکت ہوئی ہے، جس کے بعد سندھ میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کورونا کے سبب ہلاک ہونے والوں کی شرح 1.8 فیصد ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایران سے 4 قسطوں میں 1380 لوگ آئے تھے جن کو سکھر میں رکھا گیا تھا، زائرین میں سے 280 پازیٹو آئے تھے، ان میں 242 ٹھیک ہوکر اپنے گھروں میں چلے گئے ہیں جبکہ 38 زائرین زیر علاج ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت گھروں میں 436 زیرعلاج ہیں جب کہ اسپتالوں 59 مریض زیر علاج ہیں۔

انہوں نے کہا ہکہ ایک خبر پھیلی ہوئی ہے کہ لوگ مجبور ہوکر خودکشیاں کر رہے ہیں جو بلکل بے بنیاد ہے، عوام تکلیف میں ضرور ہے مگر ان کی حکومت ان کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جب لاک ڈاٶن ختم ہوگا تو زندگی نئے اصولوں کے ساتھ شروع ہوگی، آپ سب کو اپنی اور اپنے خاندان کی صحت کا بھرپور خیال رکھنا ہوگا۔