پی آئی ڈی سی حملہ کیس؛ ماسٹر مائنڈ عبدالحمید بگٹی رہا

508

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ہاؤس (پی آئی ڈی سی) پر کار بم حملے کے ماسٹر مائنڈ عبدالحمید بگٹی کو رہا کردیا۔

کراچی کے ریڈ زون میں واقع  پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کارپوریشن ہاؤس (پی آئی ڈی سی) کے دفتر کے باہر کار بم دھماکے کے مقدمے میں سزا پانے والے مرکزی ملزم عبدالحمید بگٹی کو سندھ ہائیکورٹ نےبری کردیا ہے جبکہ دیگر 2 شریک مجرم بھائیوں کی سزائیں برقرار رکھی ہیں۔

پی آئی ڈی سی کیس میں جون 2007ء میں عبدالحمید بگٹی اور 2 بھائیوں منگلا خان اور عزیز خان کو گرفتار کیا گیا تھا تینوں ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جون 2014ء میں سزائیں سنائی تھیں جس کے خلاف شیخ جاوید میر ایڈوکیٹ کے توسط سے سندھ ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کی گئی تھیں جن پرجسٹس کے-کے آغا اور جسٹس ذوالفقار سانگی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے آج فیصلہ سنایا۔

ایڈووکیٹ شیخ جاوید میر کے مطابق ڈویژن بینچ نے مقدمہ میں دو شریک مجرمان بنگلا خان اور عزیز خان کی سزائیں برقرار رکھی ہیں جبکہ جاوید میر کے مطابق عبدالحمید بگٹی کو استغاثہ نے مرکزی ملزم ظاہر کیا تھا۔

یاد رہے کہ کراچی کے ریڈ زون میں فائیو اسٹار ہوٹلز کے باہر اور پی آئی ڈی سی پر سال 2005ء میں کار میں بم نصب کرکے دھماکا کیا گیا تھا۔