الخدمت نے ہمیشہ مشکل وقت میں عیسائی برادری کی مدد کی،حافظ نعیم

499

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اورالخدمت نے ہمیشہ مشکل وقت میں اقلیتی برادری کی مدد کی ہے، اب تک عیسیٰ نگری میں 31چرچ میں اسپرے کیا جا چکا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے عیسیٰ نگری کا دورہ کیا اور مختلف چرچز میں پادری اور پاسٹرز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔

حافظ نعیم الرحمن نے فیتھ چرچ میں پاسٹر سجاد، فرسٹ یوپی چرچ میں پاسٹر رفاقت اور فلدیفیہ پینتی کاسٹل چرچ آف پاکستان میں پاسٹر کرنیل اللہ دتہ سے ملاقات کے بعداقلیتی برادری کا راشن ان کے حوالے کیا۔

جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت مسیحی برادری میں راشن کی تقسیم کے بعد عیسیٰ نگری میں قائم چرچ اور اطراف میںجراثیم کش اسپرے بھی کیا گیا ۔

مسیحی برادری نے جماعت اسلامی کے اقدامات کو سراہا اور حافظ نعیم الرحمن سے اظہار تشکر کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کے گھر وں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے، وزیر اعظم کی آٹا، چینی اور بجلی مافیا عوام کی مشکلات دور کرنے کے بجائے،ان میں اضافہ کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی و وفاقی حکومت کی نااہلی اور بد دیانتی کے باعث غریب اور مزدور طبقے کو ابھی تک حکومتی امداد و راشن نہیں مل سکا ہے۔