کورونا وائرس: عالمی معیشت کے 5000 ارب ڈالر کھا جائے گا

583

دنیا کی معروف نیوز ایجنسی بلوم برگ نے کورونا وائرس سے متاثرہ عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات کی رپورٹ جاری کردی۔

امریکی نیوز ایجنسی بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وباء آئندہ 2 سال میں عالمی معیشت کے 5000 ارب ڈالر کھا جائے گی، کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی معیشت کو ہونے والا یہ 2 سال کا خسارہ جاپان کی سالانہ پیداوار سے زیادہ ہوگا۔

رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا 1930ء کے بعد اب کورونا وائرس کی وجہ سے گہری کساد بازاری کے دورمیں ہے، کورونا کے سبب حکومتیں کاروبار بند کرانے اور لوگوں کو گھروں میں محصور کرانے پر مجبور ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 88 ہزار 531 افراد اب تک جان کی بازی ہار چکے ہیں ،15 لاکھ 18 ہزار 773 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

دنیا بھر میں 10 لاکھ 99 ہزار 679 کورونا وائرس کے مریض اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 48 ہزار 79 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

دوسری جانب پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 63 ہو گئی ہےجبکہ کنفرم کیسز کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے ۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں 3 ہزار 699 مریض مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جن میں سے 25 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 560 افراد اب تک اس موذی مرض سے صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔