ایبولا کیخلاف تیار کردہ اینٹی وائرل دوا سے کورونا کا مریض صحتیاب

315

امریکی ریاست پنسلوینیا میں کورونا وائرس کا مریض ایبولا وائرس کے خلاف تیار کردہ اینٹی وائرل دوا کے استعمال سے صحت یاب ہوگیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 43 سالہ شخص 17 روز سے وینٹی لیٹر پر زندگی کی جنگ لڑ رہا تھا اور اسے ایبولا وائرس سے نمٹنے کے لیے تیار کردہ اینٹی وائرل دوا دی جارہی تھی۔

ڈاکٹر ولیم شاٹ کا کہنا ہے کہ مسلسل 10 روز تک مریض کو اینٹی وائرل ڈرگس دی جاتی رہیں جس سے بتدریج بہتری آئی، مثبت نتائج سامنے آنے کے بعد دوا کو جاری رکھا گیا اور مریض صحت یاب ہوگیا۔

ڈاکٹر نے کہا کہ وینٹی لیٹر پر 20 فیصد مریض ہی زندہ بچ پاتے ہیں تاہم 43 سالہ شخص 17 روز تک مصنوعی تنفس پر زندہ رہا ہے اور اسے ڈسچارج کر دیا گیا۔

کورونا کو شکست دینے والے مائیک ڈیون نامی شخص کا کہنا ہے کہ مارچ کے وسط میں انہیں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور کچھ دنوں بعد طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

مائیک ڈیون نے بتایا کہ وہ سالگرہ کی تقریب میں فیملی کے ہمراہ شریک ہوئے تھے جس کے بعد کورونا کی علامات سامنے آئی تھیں۔