سندھ کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس: کرایہ داروں کیلئے رعایت

904

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ میں کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کا مسودہ تیار کر لیا گیا جس میں کرایہ داروں کو رعایت دینے کے ساتھ ساتھ بجلی، گیس اور پانی کے بلز معاف کیے گئے ہیں۔

آرڈیننس کا مسودہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 128 کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ محکمہ قانون سندھ آرڈیننس کا مسودہ گورنر کو منظوری کےلیے ارسال کرے گا۔

سندھ کورونا وائرس ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس یکم اپریل سے پورے سندھ میں نافذ العمل ہوگا۔آرڈیننس کے تحت کورونا وائرس سے متاثرہ طبقات کو سماجی، معاشی اور کاروباری ریلیف دیا جائے گا۔

مسودے میں کرایہ داروں کےلیے بڑا پیکج رکھا گیا ہے جس کے مطابق 50 ہزار روپے سے کم کرایہ کی وصولی موخر کی گئی ہے جبکہ 50 لاکھ سے ایک لاکھ تک کرایہ ہونے کی صورت 50 فیصد اور ایک لاکھ سے زائد کرایہ ہونے کی صورت مکمل ادا کیا جائے گا۔

مسودے کے مطابق ایک سے 260 یونٹ تک بجلی کا بل مکمل معاف کیا جائے گا جبکہ 261 سے 350 یونٹس تک بجلی بل میں 25 فیصد رعایت دی جائے گی۔

اسکے علاوہ 80 گز تک کے تمام پانی کے کنکشنز کے حامل بل معاف ہونگے۔ 800 اسکوائر یارڈ کے فلیٹ سے پانی کا بل وصول نہیں کیا جائے گا، 1000 اسکوائر یارڈ کے فلیٹس کو پانی کے بل کی مد میں 25 فیصد رعایت ہوگی جبکہ 1200 اسکوائر یارڈ کے فلیٹس کو پانی کے بل میں 50 فیصد رعایت ہوگی۔

مسودے میں یہ بھی شامل کیا گیا ہے کہ 155 یونٹ تک گیس کے بل معاف کیے جائیں گے۔ 200 یونٹ تک گیس کے بل پر 25 فیصد معاف ہوگا، 300 یونٹس کے گیس بل پر 50 فیصد رعایت ہوگی اور 300 یونٹس سے زاید گیس کا بل ادا کرنا ہوگا۔

کورونا ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کی خلاف ورزی پر سزا کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔آرڈیننس کے تحت ریلیف نہ دینے پر موقع پر سزا ہوگی اور آرڈیننس پر عمل نہ کرنے کی صورت 10 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔

صوبائی محصولات اور فیس میں بھی رعایت دی جائے گی۔محصولات، فیس اور سیس وصول کرنے والے محکمے رعایت کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔

صوبائی وزیرمرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ یہ آرڈیننس لاگو ہوگیا تو عوام کے لئے بہت بڑا ریلیف ہوگا۔