اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان ریلیف پیکج کی منظوری دیدی

331

اسلام آباد (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم کے رمضان ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن کیلیے اعلان کردہ 50 ارب روپے کی منظوری سمیت مزید 6 ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کویہاں کابینہ ڈویژن میں وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں چھ ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی، وزیراعظم یوتھ لون سکیم پرعمل درآمدکرنے والی ایجنسیوں کیلیے جاری مالی سال کیلیے 84 کروڑ 20 لاکھ روپے، پاکستان نیوکلیرریگولیٹری اتھارٹی کیلیے 90.459 ملین روپے اورپنجاب رینجرز کے
لیے 5 ملین روپے کی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔پنجاب رینجرزکیلیے 5 ملین روپے کی ضمنی گرانٹس سے وزارت دفاع ہیلی کاپٹرکی مرمت کیلیے فاضل پرزہ جات خریدے گی۔ اجلاس میں فرنٹیر کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز کیلیے 2.074 ملین روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ یہ امریکی سفارتخانہ سے گرانٹ کی شکل میں موصول ہوئی ہیں اوراس سے مچنی شبقدرمیں فرنٹئیرکانسٹیبلری کیلیے تربیتی مرکز کی تعمیر عمل میں لائی جائیگی۔ کمیٹی نے وزارت توانائی کیلیے 1.5 ملین ڈالر کی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی ، یہ رقم میسرزکارکے کے خلاک بین الاقوامی عدالتی چارہ جوئی میں ریاست پاکستان کی جانب سے وکلاء کی خدمات کی ادائیگی کیلیے استعمال میں لائی جائیگی۔ای سی سی نے وزارت اطلاعات ونشریات کیلیے 300 ملین روپے ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی ، یہ رقم آئندہ تین ماہ میں احساس پروگرام کے ابلاغی مہم کوچلانے کیلیے استعمال میں لائی جائیگی۔اقتصادی امورڈویژن کی جانب سے نجی شعبہ کے قرض داروں جیسے میسرزگلیڈیری سیمنٹ لیمٹڈ سے فارن کرنسی لون کی ریکوری سے متعلق سمری کاجائزہ لیتے ہوئے کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ وزارت اقتصادی امورکو اسٹیٹ بنک سے مشاورت کے بعد اس ضمن میں تجاویز اورسفارشات دوبارہ جمع کرنا چاہییں۔ کوہالہ ہائیڈروالیکٹرک پراجیکٹ میں 7 فیصد زائد تاخیری ادائیگی میں فارن کرنسی ایکسچینج لاسز/گین کی اجازت دینے سے متعلق وزارت توانائی کی تجویز پراقتصادی رابطہ کمیٹی نے سٹیٹ بنک کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مذاکرات کرکے اس معاملہ کاقابل عمل حل نکالنے کی ہدایت کی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم کے ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی ا سٹورزکارپوریشن کیلیے اعلان کردہ 50 ارب روپے کی منظوری بھی دی۔چیرمین کمیٹی نے کارپوریشن کو کوروناوائرس کی وباء سے پیداہونے والی صورتحال اوررمضان المبارک کے تناظرمیں عوام کو کم قیمت پراشیاء ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کمیٹی کو بتایاگیا کہ دسمبر 2019ء سے لیکر اب تک کارپوریشن کو ضروری اشیاء کی خریداری کیلیے 21 ارب روپے فراہم کیے جاچکے ہیں ۔یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹرنے کمیٹی کویقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو رعایتی قیمت پراشیاء کی فراہمی کیلیے تمام تر اقدامات کویقینی بنایا جارہاہے۔ علاوہ ازیںیوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ایم ڈی عمرحبیب خان لودھی نے کہا ہے کہ رمضان ریلیف پیکیج 17 اپریل سے عید تک جاری رہے گا۔ اقتصادی رابط کمیٹی نے رمضان ریلیف پیکیج کی منظوری دیدی ہے، ماہ رمضان میں عوام کو 19 اشیاء خوردونوش پر سبسڈی دی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان ریلیف پیکیج 17 اپریل سے عید تک جاری رہے گا، آٹے، چینی، دالیں اور گھی کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800 روپے، چینی کی فی کلو قیمت 68 روپے برقرار رہے گی۔ ایم ڈی نے کہا کہ مشروبات پر 15 فیصد سبسڈی دی جائے گی، بیسن پر 10 فیصد سبسڈی دی جائے گی، کھجور پر اوپن مارکیٹ کی نسبت کم از کم 5 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔ عمر لودھی نے کہاکہ چائے پر 8 سے 10 فیصد سبسڈی ہو گی۔